حیدرآباد۔ 22 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں سماجی انصاف کا حصول ہی سی پی آئی ایم کا مقصد ہے۔ ریاست میں سماجی انصاف کے مطالبہ پر مہا جنا پدیاترا کر رہے سیکریٹری ریاستی سی پی ایم ٹی ویرا بھدرم نے یہ بات کہی اور بتایا کہ حیدرآباد میں رہ کر وزیر آبپاشی ہریش راؤ انہیں جھوٹا قرار دینا مضحکہ خیز ہے اگر عوام میں آکر ہریش راؤ یہ بات کہیں تو عوام پر حقیقت واضح ہوجائیگی ۔ ویرا بھدرم گھن پور میں پدیاترا مکمل کرکے روانہ ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام میں کافی شعور ہے اور وہ ہر بات پر سنجیدگی سے غور کرنے کے عادی ہیں اور سنجیدہ غور کے ذریعہ انتخابات میں پارٹیوں کو سبق سکھانے اور اپنی مرضی کے مطابق سیاسی پارٹیوں کو برسراقتدار لانے کے عادی ہیں۔ ریاستی سیکریٹری سی پی ایم نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور وزیر آبپاشی ہریش راؤ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور دونوں ہی کو جھوٹ کے ماہر قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن و بے قاعدگیوں، اسمبلی اجلاس کی کارکردگی اور عوام فلاح و بہبودی اسکیموں پر مباحث کیلئے وہ تیار ہیں اور ان مباحث کیلئے اپنی پدیاترا کو روک کر بھی آنے کا اظہار کیا۔