وزرا اور عہدیداروں سے ملاقات ۔ ترقیاتی پراجیکٹس کا مشاہدہ بھی کرینگے
حیدرآباد 29 مارچ ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے دو روزہ دورہ سنگاپور کا کل آغاز ہوگا ۔ امید کی جا رہی ہے کہ آندھرا پردیش کے نئے دارالحکومت کیلئے سنگاپور جلدی ہی ایک ماسٹر پلان تیار کرسکتا ہے ۔ اسی تناظر میں یہ دورہ کیا جا رہا ہے ۔ نائیڈو آج شام ہی سنگاپور روانہ وگئے ۔ ان کی مصروفیات کا کل سے آغاز ہوگا ۔ چیف منسٹر کل صبح ناشتہ پر سنگاپور کے وزیر خارجہ کے شانمگھم اور سفارتی عہدیدار گوپی ناتھ پلائی سے ملاقات کرینگے ۔ اس کے بعد وہ سنگاپور کے وزیر برائے تجارت و صنعت ایس ایشورن سے بھی ملاقات کرینگے ۔ مسٹر ایشورن کی جانب سے نائیڈو کیلئے ظہرانہ کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے ۔ نائیڈو لنچ کے بعد اے پی کے وفد کے ہمراہ ایک کاروباری سمینار میں شرکت کرینگے جہاں کئی تاجر اور صنعتکا نائیڈو سے ملاقات کرینگے ۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ بعد ازاں چیف منسٹرنیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور اور حکومت آندھرا پردیش کے مابین ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کرینگے ۔ 31 مارچ کو مسٹر نائیڈو سینئر وزیر گوہ چوک تونگ سے ملاقتا کرینگے ۔ اس کے بعد وہ بشان پارک اور ٹوا پایہ ٹاؤن کا دورہ کرینگے ۔ یہ دونوں شہر ٹرانسپورٹ سہولیات کیلئے مشہور ہیں اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بھی کہے جاتے ہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چندرا بابو نائیڈو ایک صنعتی ادارہ کا بھی دورہ کرینگے اور وہ سنگاپور کے ایک ٹاؤن شپ کا معلوماتی سفر بھی کرینگے ۔ سنگا پور کی حکومت کی جانب سے آندھرا پردیش ریاست کے نئے دارالحکومت کی تعمیر کیلئے ایک ماسٹر پلان تیار کیا جا رہا ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ ماہ جون میں یہ ماسٹر پلان پیش کردیا جائیگا ۔ اس ماسٹر پلان کی تجاویز کے مطابق مجوزہ ماسٹر پلان 7,325 مربع کیلومیٹر علاقہ پر محیط ہوگا جو وجئے واڑہ ۔ گنٹور ۔ تنالی ۔ منگل گیری حدود میں ہوگا ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش 31 مارچ کی شام حیدرآباد واپس ہوجائیں گے ۔