بیگم پیٹ ایرپورٹ سے جلوس ، کئی مقامات پر ٹریفک کا رُخ تبدیل
حیدرآباد ۔ /25 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ کی شہر میں آمد اور ریالی کے پیش نظر حیدرآباد میں سٹی پولیس نے سکیورٹی کے وسیع ترین انتظامات کئے ہیں اور کئی راستوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انوراگ شرما سے جاری کئے گئے ایک اعلامیہ کے بموجب کے سی آر کی شمس آباد سے بیگم پیٹ ایرپورٹ بذریعہ ہیلی کاپٹر پہونچنے کے بعد ریلی کا شکل میں بیگم پیٹ تا ٹی آر ایس بھون پہونچیں گے ۔ پولیس نے دوپہر 2 بجے تا شام 7 بجے ٹریفک بہاؤ میں تبدیلی لاتے ہوئے کئی اہم سڑکوں سے گزرنے والی ٹریفک کا رخ موڑ دیا ہے ۔ نامپلی سے آنے والی ٹریفک کا رخ اے آر پٹرول پمپ بی جے آر مجسمہ کے سمت موڑ دیا جائے گا ۔ عابڈس سے آنے والی ٹریفک کا رخ بشیر باغ کی سمت موڑ دیا جائے گا ۔ لبرٹی اور حیدر گوڑہ سے آنے والی ٹریفک کا رخ بشیر باغ بی جے آر مجسمہ کی سمت کردیا جائے گا ۔ مہدی پٹنم سے آنے والی ٹریفک کا رخ مانصاحب ٹینک روڈ نمبر 1 اور روڈ نمبر 12 بنجارہ ہلز کی سمت کردیا جائے گا جبکہ بنجارہ ہلز سے آنے والی ٹریفک کا رخ مانصاحب ٹینک مہدی پٹنم کی سمت کردیا جائے گا ۔ تلگو تلی فلائی اوور سے آنے والی ٹریفک کا رخ اقبال مینار لکڑی کا پل کی سمت موڑ دیا جائے گا جبکہ پنجہ گٹہ راج بھون سے آنے والی ٹریفک کا رخ وی وی مجسمہ نکلس روڈ روٹری کی سمت موڑ دیا جائے گا ۔ اپر ٹینک بینڈ سے آنے والی ٹریفک کا رخ تلگو تلی جنکشن کی سمت کردیا جائے گا ۔
ایس آر نگر سے آنے والی ٹریفک کا رخ گرین لینڈ بیگم پیٹ کی سمت کردیا جائے گا ۔ جبکہ سری نگر ٹی جنکشن سے آنے والی ٹریفک کا رخ این ایف سی ایل تاج کرشنا کی سمت کردیا جائے گا ۔ جبکہ تاج کرشنا سے این ایف سی ایل سے آنے والی ٹریفک کا رخ سری نگر ٹی جنکشن کی سمت موڑ دیا جائے گا ۔ ریلوے نیلائیم سے آنے والی ٹریفک کا رخ سی ٹی او ایم جی روڈ کی سمت کردیا جائے گا جبکہ ترمل گری سے آنے والی ٹریفک کا رخ سی ٹی او فلائی اوور رسول پورہ منسٹر روڈ کی سمت موڑ دیا جائے گا ۔ کمشنر پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مذکورہ سڑکوں پر ٹریفک کے رخ کو موڑے جانے کے پیش نظر ان راستوں سے گزرنے سے قبل ٹریفک بہاؤ سے متعلق اعلامیہ کا خیال رکھیں ۔ ٹریفک پولیس نے ٹی آر ایس پارٹی کارکنوں و قائدین کے گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ ‘ این ٹی آر اسٹیڈیم ‘ نظام کالج گراؤنڈ ‘ نمائش میدان ‘ عالیہ کالج ‘ پبلک گارڈن میں جگہ مقرر کی ہے ۔ رکن پارلیمنٹ ‘ رکن اسمبلی و دیگر وی آئی پیز کیلئے بیگم پیٹ ایرپورٹ پر ہی گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے ۔