آندھرا پردیش کو خصوصی موقف کے لیے کے سی آر کی حمایت و تائید : چندرا بابو
گورنر کے دوبدو چیف منسٹر آندھرا پردیش کے ساتھ چیف منسٹر تلنگانہ کے تیقن کا ادعا
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ آندھرا پردیش ریاست کو خصوصی موقف فراہم کرنے کے لیے اپنی بھر پور تائید و حمایت کرنے کا تلنگانہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وعدہ کیا ہے ۔ آج یہاں آندھرا پردیش اسمبلی کے کمیٹی ہال میں تلگو دیشم مقننہ پارٹی کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے گذشتہ دن ( یعنی اتوار کو ) راج بھون میں گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کی موجودگی میں چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ساتھ ہوئی بات چیت کی تفصیلات سے تلگو دیشم ارکان اسمبلی آندھرا پردیش کو واقف کرایا اور کہا کہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بہت ہی انکساری و خوشگوار انداز میں بات چیت کی اور سابق میں جب وہ تلگو دیشم پارٹی سے وابستہ رہتے ہوئے متحدہ طور پر جو کام کیا گیا تھا ، اس کا بھی مسٹر چندر شیکھر راؤ نے دوران گفتگو تذکرہ کیا ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے مزید کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بات چیت کے دوران آندھرا پردیش کے ساتھ ہوئی نا انصافیوں پر اپنے تاسف کا اظہار کیا اور آندھرا پردیش تقسیم ریاست بل میں آندھرا پردیش کو خصوصی موقف فراہم کرنے سے متعلق دئیے گئے تیقن کو پورا کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گورنر کو تجویز پیش کی کہ وہ اے پی کو خصوصی موقف فراہم کرنے کے تعلق سے مرکزی حکومت سے بات کریں اور اپنی بھر پور تائید کا بھی اظہار کیا ۔ چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے مزید بتایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آندھرا پردیش کو درپیش مختلف مسائل پر اپنے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ۔ جس پر میں ( نائیڈو ) نے بھی ریاست تلنگانہ کے تعلق سے ہمدردانہ رویہ رکھنے کا چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو تیقن دیا ہوں ۔ تلگو دیشم پارٹی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ کے چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر راؤ کو بھی اس بات کی بھر پور طمانیت دی ہے کہ ضرورت پڑنے پر آندھرا پردیش کے مساوی تلنگانہ کے لیے بھی ہر لحاظ سے ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مرکزی حکومت سے خواہش کی جائے گی ۔ ارکان اسمبلی اے پی تلگو دیشم پارٹی کو اس تعلق سے واقف کرواتے ہوئے مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے ارکان اسمبلی وارکان قانون ساز کونسل سے بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس پارٹی ارکان سے ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی پر زور خواہش کی اور ایوان میں اختیار کی جانے والی حکمت عملی سے ارکان اسمبلی کو تفصیلات سے واقف کروایا اور تلگو دیشم ارکان اسمبلی و کونسل کو اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی جانب سے کی جانے والی تنقیدوں وغیرہ کا منہ توڑ جواب دینے کی سخت ہدایت دی ہے ۔۔