چندرا بابو کے مقابلہ میں وائی ایس آر کانگریس قائد کو شکست

تلگودیشم کے بعض اہم قائدین و وزراء کو بھی شکست فاش کا سامنا
حیدرآباد /23 مئی ( سیاست نیوز ) قومی صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ریاست میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں حلقہ اسمبلی کپم ( ضلع چتور ) سے اپنے قریبی حریف وائی ایس آر کانگریس پارٹی امیدوار مسٹر چندرا مولی کے مقابلہ میں 29993 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع چتور میں 14 اسمبلی حلقوں کے منجملہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو 12حلقہ جات اسمبلی پر سبقت حاصل ہوئی ۔ جبکہ صرف دو حلقہ جات اسمبلی سے تلگودیشم پارٹی کو سبقت حاصل ہوئی ہے ۔ جبکہ آج اعلان کردہ اسمبلی انتخابی نتائج کی روشنی میں تلگودیشم پارٹی کے بعض اہم قائدین بشمول ریاستی وزراء کو بھی شکست سے دوچار ہونا پڑا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی وزراء مسرس کلا وینکٹ راؤ صدر آندھراپردیش تلگودیشم پارٹی این لوکیش ، قومی جنرل سکریٹری تلگودیشم پارٹی ایس کرشنا ، جی سرینواس راؤ ، پی ستیہ نارائنا ، ایس چندرا موہن ریڈی ، امرناتھ ریڈی ، شریمتی اکھیلا پریہ ، این آنند بابو ، بی نارائنا ، کے رویندر وغیرہ کو ناکامی سے دوچار ہونا پڑا ۔ تلگودیشم پارٹی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ انتخابات کے بعد رائے دہی کے جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے بوتھ سطح سے تلگودیشم امیدواروں کو ووٹوں کے حصول کا تفصیلی جائزہ لیا تھا اور اس جائزہ اجلاس میں تلگودیشم پارٹی امیدواروں کی کامیابی کے قوی امکانات کا اظہار کیا گیا تھا ۔ لیکن آج نتائج کے اعلان کی روشنی میں تلگودیشم پارٹی کی امیدوں پر پانی پھر گیا اور امکانات کے برخلاف نتائج حاصل ہوئے ۔