چندرا بابو کی کرشنا راؤ سے ملاقات کرنے سے انکار

ٹی آر ایس میں شمولیت کی اطلاع پر صدر تلگودیشم کا اقدام
حیدرآباد /30 جنوری (سیاست نیوز) ٹی آر ایس میں مشروط شمولیت کا اظہار کرنے والے تلگودیشم رکن اسمبلی کرشنا راؤ سے صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو نے ملنے سے انکار کردیا۔ واضح رہے کہ شہر میں یہ افواہ گرم ہے کہ تلگودیشم کے تین ارکان اسمبلی ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے ہیں، جو ریاستی وزیر ہریش راؤ اور دیگر قائدین سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں۔ حلقہ اسمبلی کوکٹ پلی کے تلگودیشم رکن اسمبلی ایم کرشنا راؤ نے بی سی طبقات سے خارج کئے گئے 26 طبقات کو دوبارہ شامل کرنے کی شرط پر حکمراں ٹی آر ایس میں شمولیت کا اعلان کیا ہے، جس پر صدر تلگودیشم نے سخت ناراضگی ظاہر کی۔ ذرائع کے بموجب آج کرشنا راؤ، چیف منسٹر آندھرا پردیش سے ملاقات کے لئے ان کی قیامگاہ پہنچے، تاہم گھر میں موجودگی کے باوجود مسٹر نائیڈو نے مصروفیت کا بہانہ بناکر انھیں واپس کردیا۔ بعد ازاں کرشنا راؤ نے میڈیا کو بتایا کہ انھوں نے صدر تلگودیشم سے ملاقات کا وقت لیا تھا، لیکن مایوس ہوکر واپس ہونا پڑا۔ ٹی آر ایس میں شمولیت کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس میں شمولیت کے بعد دوبارہ کامیاب نہ ہونے کا انھیں یقین ہے، پھر بھی وہ 26 طبقات کو بی سی طبقات کی فہرست میں شامل کرنے کی شرط پر یہ قربانی دینے تیار ہیں۔ پارٹی ذرائع کے بموجب صدر تلگودیشم نے شہر حیدرآباد کے بشمول تلنگانہ کے تلگودیشم قائدین کو ٹی آر ایس میں شامل ہونے سے روکنے کے لئے تلگودیشم کے فلور لیڈر ای دیاکر راؤ کو ذمہ داری سونپی ہے، جس کی نگرانی نارا لوکیش کر رہے ہیں۔ ذرائع کے بموجب یہ قائدین ارکان اسمبلی سے ٹیلیفون پر رابطہ بنائے ہوئے ہیں۔