حیدرآباد۔ 18 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو توقع ہے کہ بہت جلد وجئے واڑہ منتقل ہوجائیں گے اور بتایا جاتا ہے کہ وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر نارائنا نے اس منتقلی کو یقینی بنانے کیلئے ضلع کرشنا کے مختلف مقامات پر پائی جانے والی عمارتوں کا معائنہ کیا۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے پیدا کئے جانے والے مختلف تنازعات وغیرہ کے پیش نظر ریاست آندھرا پردیش کے نظم و نسق کو آندھرائی علاقہ سے ہی چلانے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر نارائنا نے چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کیلئے ایک عالیشان عمارت کی نشاندہی کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد میں خدمات انجام دینے والے سرکاری ملازمین کو بھی ضلع کرشنا منتقل کرکے انہیں رہائشی سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور یہ رہائش وجئے واڑہ ۔گنٹور شاہراہ کے قریب پائے جانے والے اپارٹمنٹس میں فراہم کی جائے گی۔