چندرا بابو کی آج اور کل سرگرم انتخابی مہم

تلگودیشم اور بی جے پی امیدواروں کے حق میں جلسوں سے خطاب
حیدرآباد۔/27جنوری، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابی مہم کیلئے قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش کے دو روزہ انتخابی مہم پروگرام کو قطعیت دی گئی ہے۔ اس طرح مسٹر چندرا بابو نائیڈو 28 اور 29 جنوری کو دو دن تلگودیشم اور بی جے پی اتحادی امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ سینئر قائد و رکن پولیٹ بیورو تلگودیشم مسٹر آر چندر شیکھر ریڈی نے آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران 28جنوری کے انتخابی دورہ کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ مسٹر چندرا بابو نائیڈو ڈھائی بجے دوپہر پٹن چیرو بس اسٹانڈ کے پاس جلسہ عام سے خطاب کریں گے، وہاں سے مدینہ گوڑہ، ریلائنس ڈیجیٹل کے پاس جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ بعد ازاں 4بجے شام کے پی ایچ بی تھرڈ فیس ( مرحلہ ) چوراہا کے پاس  جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ اسی طرح شام 6بجے قطب اللہ پور حلقہ اسمبلی میں واقع میونسپل گراؤنڈ ( سرکل آفس کے قریب ) انتخابی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صدر تلگودیشم پارٹی 7:15بجے شام کرشنا کانت پارک کے پاس عوامی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ علاوہ ازیں بالانگر کراس روڈ، وائی جنکشن، ایرا گڈہ فلائی اوور، ڈان باسکو اسکول، راجیو نگر، کلیان نگر وغیرہ مقامات پر انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ مسٹر آر چندر شیکھر ریڈی نے بتایا کہ صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو 8:30بجے شب شلپا رامم کے روبرو جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ بعد ازاں حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے علاقہ جات یوسف گوڑہ بستی، یوسف گوڑہ چیک پوسٹ، کرشنا نگر، اندرا نگر، جوبلی ہلز چیک پوسٹ، مادھا پور ہائی ٹیک سٹی کے پاس انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے ۔