وائی ایس آر کانگریس لیڈر پر 130کروڑ روپئے مالیتی اراضی پر قبضہ کا الزام
حیدرآباد ۔ 8ستمبر ( این ایس ایس ) سی پی آئی قائدین کے ایک وفد نے آج یہاں چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ضلع اننت پور میں وائی ایس آر کانگریس کے لیڈر اور سابق رکن اسمبلی بی نارائن ریڈی کی جانب سے 130کروڑ روپئے مالیتی مائیسما مندر کی اراضیات پر کئے گئے مبینہ قبضہ سے واقف کروایا ۔ سی پی آئی قائدین ڈاکٹر کے نارائنا ‘ کے راما کرشنا اور پی جی چندر شیکھر راؤ ایم ایل سی نے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کو ایک مکتوب پیش کیا جس میں کہا گیا ہے کہ 7.75 ایکڑ پر محیط مائیسما اراضی پر 16ماہ قبل ایک سرکاری حکمنامہ جاری کیا گیا تھا ‘ اس کے باوجود متنامعہ اراضی کو سرکاری میڈیکل کالج کے قیام کیلئے واپس لینے کیلئے ہنوز کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ بی این آر کنسٹرکشن کی طرف سے نصب کردہ بورڈ اور پتھر نہیں ہٹائے گئے ہیں ۔ ان قائدین نے چیف منسٹر سے درخواست کی کہ مائیسما اراضیات فی الفور واپس لیتے ہوئے وہاں میڈیکل کالج تعمیر کیا جائے اور بے زمین غریبوں کو گھروں کی تعمیر کیلئے پٹہ دیا جائے ۔ مسٹر نائیڈو نے نمائندگی کی ہمدردانہ سماعت کے بعد کمیونسٹ قائدین کو تیقن دیا کہ مائیسما اراضیات کو ناجائز قبضوں سے بہرصورت بچایا جائے گا ۔ مسٹر نائیڈو نے محکمہ مال کے عہدیداروں کو بروقت طلب کرتے ہوئے انہیں متنامعہ اراضی پر کنٹرول حاصل کرنے کی ہدایت کی ۔