چندرا بابو کو نوٹ برائے ووٹ اسکام میں غلطی قبول کرنے کا مشورہ: ٹی ہریش راؤ

حیدرآباد ۔ 15۔ جون (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈوکو مشورہ دیا کہ وہ نوٹ برائے ووٹ اسکام میں اپنی غلطی کو تسلیم کریں ۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ اینٹی کرپشن بیورو نے اس اسکام کے سلسلہ میں جو مواد اور شہادت اکھٹا کی ہے، اس کے اعتبار سے چندرا بابو نائیڈو خود کو بے قصور ثابت نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس رکن اسمبلی کو بھاری رقم کا لالچ دیتے ہوئے گرفتار ریونت ریڈی کے ویڈیو فوٹیج میں چندرا بابو نائیڈوکی ایماء پر اسکام کو انجام دینے کا اعتراف کیا گیا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے ٹی آر ایس رکن اسمبلی سے فون پر بات کی جس کی آڈیو اینٹی کرپشن بیورو کے پاس موجود ہے جس میں خاص طور پر چندرا بابو نائیڈو کی آواز موجود ہے جس سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو اپنی غلطی کو چھپانے کیلئے معاملہ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کرپشن سے متعلق مسئلہ کو دونوں ریاستوں کے درمیان تنازعہ کی صورت میں پیش کیا جارہا ہے اورمرکزی حکومت سے آندھراپردیش حکومت کی شکایت مضحکہ خیز ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اینٹی کرپشن کے عہدیداروں نے ریونت ریڈی کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ۔ اگر اس معاملہ سے چندرا بابو نائیڈو کا کوئی تعلق نہیں تو انہیں چاہئے کہ ریونت ریڈی کو پارٹی سے معطل کردیں یا پھر اپنی غلطی کا اعتراف کرلیں۔ ہریش راؤ نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے چندرا بابو نائیڈو اور ان کے وزراء کے ٹیلیفون ٹیاپنگ کے الزامات کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس طرح کے اقدامات کی کوئی ضرورت نہیںہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو غیر ضروری طورپر مرکز اور گورنر کو تنازعہ میں گھسیٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔