سکیوریٹی میں اضافہ کرنے آندھرا پردیش پولیس کافیصلہ ‘ دہلی کے اے پی بھون کی بھی نشاندہی
حیدرآباد۔/31ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو کو ماویسٹوںکی جانب سے خطرہ کے بارے میں سنٹرل انٹلی جنس کی رپورٹ کے بعد آندھرا پردیش پولیس نے سیکورٹی میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ سنٹرل انٹلی جنس نے رپورٹ پیش کی کہ ماویسٹوں نے چندرا بابو نائیڈو کو نشانہ بنانے ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھی ہے اور بعض مقامات پر ماویسٹوں نے فرضی مشق اور تعاقب بھی کیا۔ انٹلی جنس اطلاعات کے ساتھ ہی آندھرا پردیش پولیس نے چوکسی اختیار کرلی اور نائیڈو کی سیکورٹی میں کئی اہم تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق چندرا بابونائیڈو کے دورہ دہلی کے موقع پر ماویسٹوں نے ریکی کی تھی اور تعاقب کی کوشش کی تھی۔ ماویسٹوں نے اے پی بھون کے اطراف علاقوں کا ایک سے زائد مرتبہ جائزہ لیا۔ انٹلی جنس کے مطابق ماویسٹوں نے اب تک 6 مرتبہ نائیڈو کی ریکی کی ہے۔ انٹلی جنس کے مطابق ماویسٹ میڈیا کے بھیس میں نائیڈو کو نشانہ بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ دہلی پولیس نے بھی آندھرا پردیش بھون کی سیکورٹی میں نقائص کی نشاندہی کی ہے لیکن اے پی بھون کے عہدیداروں نے اس پر کوئی کارروائی نہیں کی اور دہلی پولیس کو آج دوبارہ نشاندہی کرنی پڑی۔ اسی دوران آندھرا پردیش کے ڈی جی پی سامبا سیوا راؤ نے بتایا کہ چندرا بابو کی سیکورٹی کے سلسلہ میں بعض اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ماویسٹوں کی جانب سے ریکی کئے جانے کی رپورٹ پر تبصرہ میں ڈی جی پی نے کہا کہ انہیں اطلاع نہیں ہے کہ دہلی کے اے پی بھون میں ماویسٹوں نے کوئی ریکی کی تھی۔ آندھرا پردیش میں حالیہ بڑے انکاؤنٹر کے بعد چندرا بابو نائیڈو کیلئے ماویسٹوں کی دھمکیوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ نے بھی آندھرا پردیش پولیس کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نکسلائیٹس کی دھمکیوں کے پیش نظر چندرا بابونائیڈو کی سیکورٹی کا وقفہ وقفہ سے جائزہ لیا جارہا ہے اور ضرورت کے مطابق سیکورٹی فراہم کی جارہی ہے۔