واٹر ایریگیشن سوسائٹی کے انتخابات صحیح ڈھنگ سے نہیں کروائے گئے، گورنر سے رگھوویرا ریڈی کی شکایت
حیدرآباد /24 ستمبر (سیاست نیوز) صدر آندھرا پردیش کانگریس این رگھوویرا ریڈی نے گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے آندھرا پردیش کے واٹر ایریگیشن سوسائٹز کے انتخابات کو صحیح ڈھنگ سے نہ کرانے کا چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو پر الزام عائد کیا اور گورنر سے مداخلت کی اپیل کی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش کو جمہوریت اور اپنی کار کردگی پر یقین نہیں ہے، اس لئے وہ بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں میں ملوث ہیں۔ انھوں نے کہا کہ واٹر ایریگیشن سوسائٹز کے انتخابات کو مؤثر انداز میں کرانے کی بجائے دھاندلیاں کرکے پچھلے دروازہ سے کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ این چندرا بابو نائیڈو اور تلگودیشم حکومت ڈیڑھ سال میں عوامی اعتماد سے محروم ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے آندھرا پردیش کے عوام تلگودیشم سے ناراض ہیں، جب کہ عوامی ناراضگی کو بھانپ کر تلگودیشم حکومت بے قاعدگیوں کا ارتکاب کر رہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ وہ راج بھون میں گورنر سے چیف منسٹر آندھرا پردیش کی شکایت اور انتخابات کے پرامن و منصفانہ انعقاد کے لئے گورنر نرسمہن سے اپیل کرچکے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ گورنر نے ان کی یادداشت پر ہمدردانہ غور کا تیقن دیا ہے۔