چندرا بابو کا ہمیشہ سے ہی اقلیتوں کے ساتھ دھوکہ ، چیف منسٹر اے پی کا حقیقی چہرہ بے نقاب

آندھرا پردیش ریاست میں اقلیتوں کے لیے معمولی بجٹ پر جلیل خان رکن اسمبلی وائی ایس آر سی پی کا احتجاج
حیدرآباد۔/21اگسٹ، ( سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس کے رکن اسمبلی جلیل خاں نے آندھرا پردیش حکومت کے بجٹ میں اقلیتی بہبود کیلئے صرف 371کروڑ روپئے کی منظوری پر سخت احتجاج کیا۔ انہوں نے بجٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کی بہبود کا دعویٰ کرنے والے چندرا بابو نائیڈو کا حقیقی چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔ جلیل خاں جو وجئے واڑہ ویسٹ اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں بتایا کہ بجٹ پر مباحث کے دوران وائی ایس آر کانگریس پارٹی بجٹ میں اضافہ اور آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دور میں شروع کی گئی فلاحی اسکیمات کے احیاء کا مطالبہ کرے گی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پڑوسی ریاست تلنگانہ حکومت کی جانب سے اقلیتی بہبود کیلئے 1000کروڑ روپئے کے وعدہ کے باوجود چندرا بابو نائیڈو نے صرف 371کروڑ کے بجٹ پر اکتفاء کیا ہے جبکہ پسماندہ طبقات اور درج فہرست اقوام و قبائل کیلئے زائد بجٹ مختص کیا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چندرا بابو نائیڈو نے ہمیشہ ہی اقلیتوں کے ساتھ دھوکہ دہی کی ہے اور انتخابات کے دوران وعدے کرتے ہوئے ووٹ حاصل کرنا ان کا مقصد ہے۔ آندھرا پردیش کے رائے دہندے انہیں اچھی طرح جان چکے ہیں لہذا حالیہ انتخابات میں ان کی پارٹی سے ایک بھی مسلم رکن اسمبلی منتخب نہ ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس راج شیکھر ریڈی دور حکومت میں اقلیتوں کو 4فیصد تحفظات اور پیشہ ورانہ کورسیس میں تعلیم کیلئے غریب طلبہ کو مکمل فیس ادائیگی جیسی اسکیمات کے سبب وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو اقلیتوں کی تائید حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش اسمبلی میں وائی ایس آر کانگریس کے 4مسلم ارکان ہیں جبکہ تلگودیشم سے ایک بھی رکن نہیں۔ جلیل خاں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے اپنی کابینہ میں ایک بھی مسلم وزیر کو شامل نہیں کیا جبکہ وہ چاہتے تو کونسل میں نامزدگی کے ذریعہ مسلم وزیر کو شامل کرسکتے تھے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں کے سربراہ ڈاکٹر نارائنا کی وزارت میں شمولیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کو اقلیتوں سے زیادہ ان افراد کی فکر ہے جو ان کے مفادات کی تکمیل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں حکومت نے روشنی اور دکان مکان اسکیم کا اعلان کیا ہے لیکن اس پر عمل آوری کی کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا میں اقلیتوں کے مسائل کی یکسوئی اور ان کے مفادات کے تحفظ کیلئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی جدوجہد کرے گی۔