حیدرآباد۔12مئی ( سیاست نیوز) صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے سیما آندھرا میں بلدی انتخابات کے آج نتائج اور تلگودیشم پارٹی کے بہتر مظاہرہ پر مسرت کا اظہار کیا اور اس شاندار کامیابی کو سیما آندھرا عوام کی کامیابی سے تعبیر کیا ۔ انہوں نے سیما آندھرا عوام کو نہ صرف مبارکباد دی بلکہ اظہار تشکر بھی کیا ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے تلگودیشم پارٹی قائدین و کارکنوں کی محنت اور سچی لگن و شاندار کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی قائدین و کارکنوں کی ہر لحاظ سے فلاح و بہبود کیلئے ہمیشہ تیار رہیں گے اور ان کی محنتوں کو بھی فراموش نہیں کریں گے ۔ مسٹر نائیڈو نے سیما آندھرامیں تلگودیشم پارٹی کی اس شاندار کامیابی کو سیما آندھرا عوام کی جانب سے دیا گیا تاریخی فیصلہ قرار دیا ۔