چندرا بابو نائیڈو ہٹ دھرم : جگن

آندھراپردیش کو خصوصی موقف کیلئے طلباء کو جدوجہد کا مشورہ
کاکیناڈا۔/27جنوری، ( این ایس ایس ) وائی ایس آر کانگریس صدر جگن موہن ریڈی نے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہٹ دھرم اور بے شرم ہوگئے ہیں، وہ صحیح ڈھنگ سے بات بھی نہیں کررہے ہیں۔ وائی ایس آر کانگریس صدر نے آج یووا بھیری پروگرام کے دوران ایک خاتون کے سوال پر یہ رد عمل ظاہر کیا۔ کاکیناڈا میں امبیڈکر آڈیٹوریم میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے جگن موہن ریڈی نے تلگودیشم حکومت کی رکاوٹوں کے باوجود یہ پروگرام منعقد کرنے پر طلباء کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز میں سیاسی اثر و رسوخ کافی بڑھ گیا ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے چندرا بابو نائیڈو کے فرزند لوکیش کی مثال دی جن کی سالگرہ سری وینکٹیشورا یونیورسٹی میں منائی گئی تھی۔ جگن نے کہا کہ روہت ویمولا کی موت مرکزی وزراء کے دباؤ اور ان کی مداخلت کے باعث ہوئی۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آندھرا پردیش کو خصوصی موقف کیلئے جدوجہد کریں۔