چندرا بابو نائیڈو کے فرزند لوکیش نائیڈو کی آج شہر کے نواحی علاقوں میں انتخابی مہم

حیدرآباد ۔ 23 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : صدر تلگو دیشم مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے فرزند مسٹر نارا لوکیش نائیڈو حیدرآباد کے نواحی علاقوں میں 24 اپریل کو انتخابی مہم چلائیں گے ۔ تانڈور اور چیوڑلہ میں مسٹر نارا لوکیش نائیڈو کے پروگرام کے سلسلہ میں خصوصی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ اس انتخابی دورے کے دوران لوکیش تلگو دیشم پارٹی امیدواروں کے ہمراہ نوجوانوں کے گروپس سے ملاقات کریں گے اور پارٹی کے نوجوان کیڈر کے ہمراہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے 30 اپریل کو منعقد ہونے والے انتخابات میں تلگو دیشم پارٹی کی حمایت کے لیے ذہن سازی کریں گے ۔

مسٹر لوکیش نائیڈو 24 اپریل کو سہ پہر 4 بجے تانڈور میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور شام 6 بجے چیوڑلہ میں ان کا پروگرام منعقد ہوگا ۔ علاوہ ازیں ان مقامات پر وہ روڈ شو بھی منعقد کریں گے ۔ شام 7-30 بجے مسٹر نارا لوکیش نائیڈو حلقہ اسمبلی راجندر نگر میں تلگو دیشم امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے اور جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ اس سلسلہ میں تلگو دیشم کے تلگو یووا کارکن و قائدین انتظامات میں سرگرم ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں نارا لوکیش نائیڈو کے یہ انتخابی دورے کامیاب ہوں گے ۔۔