چندرا بابو نائیڈو کے دوہرے معیار پر بی جے پی لیڈر کی تنقید

حیدرآباد۔/24 اپریل، ( این ایس ایس ) بی جے پی کے سینئر لیڈر اور آل انڈیا نہرو یووا کیندرا کے نائب صدر وشنو وردھن ریڈی نے آج کہا کہ 2014کے انتخابات میں چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو نے الیکشن کمیشن کی ستائش کرتے ہوئے کہا تھا کہ آزادانہ و منصفانہ انتخابات کا انعقاد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے اپنا اہم رول ادا کیا ہے لیکن اب چندرا بابو نائیڈو الیکشن کمیشن پر الزام عائد کررہے ہیں کہ اس سال کے اسمبلی انتخابات میں ای وی ایم مشینوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔ نائیڈو کے اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنی ریاست کے اقتدار سے محروم ہورہے ہیں۔ شکست کے خوف نے انہیں بوکھلاہٹ کا شکار بنادیا ہے اس لئے وہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کئے جانے کی شکایت کی ہے۔چندرابابونائیڈو کی تلگودیشم پارٹی قومی نہیں بلکہ علاقائی پارٹی ہے۔