وزیر اعظم نریندر مودی کی شرکت متوقع
حیدرآباد 29 مئی (سیاست نیوز) صدر تلگودیشم مسٹر این چندرابابو نائیڈو کی بحیثیت چیف منسٹر حلف برداری تقریب میں وزیراعظم ہند نریندر مودی کی شرکت متوقع ہے۔ اِس کے علاوہ این ڈی اے کی دیگر حلیف جماعتوں کے سربراہان بھی گنٹور میں 8 جون کو منعقد ہونے جارہی مسٹر نائیڈو کی حلف برداری تقریب میں شرکت کرسکتے ہیں۔ مسٹر این چندرابابو نائیڈو کو جوکہ این ڈی اے حلیف جماعتوں کے قائدین کو مدعو کرنے کے لئے خود دہلی پہونچ چکے ہیں، اِس بات کا یقین ہے کہ وزیراعظم ہند نریندر مودی اُن کی حلف برداری تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ مسٹر نائیڈو 8 جون کو 11 بجکر 45 منٹ پر یونیورسٹی کے میدان میں حلف برداری تقریب منعقد کریں گے۔ اِس سلسلہ میں تلگودیشم پارٹی کی جانب سے بڑے پیمانہ پر تیاریوں کا آغاز کیا جاچکا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ کے تلگودیشم قائدین کو بھی اِس حلف برداری تقریب میں خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا تاکہ دونوں علاقوں کے عوام کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات کو دور کیا جاسکے۔ مسٹر این چندرابابو نائیڈو کے نظریہ کو تلنگانہ تلگودیشم قائدین کی بھی حمایت حاصل ہے اور وہ بھی چاہتے ہیں کہ دونوں ریاستوں کے عوام کے درمیان کسی قسم کے اختلافات یا نفرتیں باقی نہ رہیں بلکہ تقسیم کا عمل بھائی چارگی کے ساتھ مکمل ہوجائے۔ مسٹر این چندرابابو نائیڈو کی تقریب حلف برداری میں مدھیہ پردیش، راجستھان، گوا کے علاوہ دیگر ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی شرکت بھی متوقع ہے۔ مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے جوکہ منقسم ریاست آندھراپردیش کے پہلے چیف منسٹر ہونے جارہے ہیں، اپنی حلف برداری تقریب کو تاریخی اور یادگار بنانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر نائیڈو کی جانب سے حلف برداری کے فوری بعد قرضہ جات کی معافی کے متعلق فائیل پر دستخط کریں گے۔ واضح رہے کہ مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے تلگودیشم پارٹی کے منشور میں اِس بات کا اعلان کیا تھا کہ اقتدار حاصل ہونے کی صورت میں وہ تمام کسانوں اور خواتین کے قرضے جات کی معافی کو یقینی بنائیں گے۔