چندرا بابو نائیڈو کی چین میں سری لنکا کے وزیر سے ملاقات

امراوتی 26 جون ( پی ٹی آئی ) اپنے دورہ چین کے پہلے دن چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے سری لنکا کے وزیر ملک سمرا وکرما سے ملاقات کی اور سیاحت کے فروغ کیلئے دونوں حکومتوں کے مل کر کام کرنے امکانات پر تبادلہ خیال کیا ۔ نائیڈو ہانگ کانگ ہوتے ہوئے ایک 12 رکنی وفد کے ساتھ آج دو پہر تیناجن پہونچے ۔ ان کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سری لنکا کے وزیر نے چیف منسٹر سے ریاست کے نئے دارالحکومت امراوتی کی تعمیر کے سلسلہ میں ہوئی پیشرفت کے تعلق سے دریافت کیا ۔ سری لنکا کے وزیر نے اپنے وزیر اعظم کی مبارکباد سے بھی چیف منسٹر کو واقف کروایا ۔ انہوں نے چندرا بابو نائیڈو کو دورہ سری لنکا کی دعوت بھی دی ۔ دونوں ملکوں نے سیاحت کو فروغ دینے مل جل کر کام کرنے سے بھی اتفاق کیا ہے ۔