چندرا بابو نائیڈو کی سیکوریٹی کے لیے آندھرا پردیش پولیس تعینات

مقررہ قانون کی خلاف ورزی ، امن و ضبط کی ذمہ داری گورنر کے حوالے کرنے مطالبہ کا اعادہ ، اے پی اینٹی کرپشن بیورو بھی متحرک
حیدرآباد۔/16جون، ( سیاست نیوز) نوٹ برائے ووٹ اسکام کے منظر عام پر آنے کے بعد تلنگانہ اور آندھرا پردیش ریاستوں کے درمیان تنازعہ دن بہ دن شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ آندھرا پردیش حکومت ریاست کی تقسیم سے متعلق قانون کے سیکشن 8 پر عمل آوری کا مطالبہ کررہی ہے جس کے تحت مشترکہ دارالحکومت حیدرآباد میں امن و ضبط کی ذمہ داری گورنر کے تحت رہتی ہے۔ اسی مطالبہ کے پس منظر میں آندھرا پردیش حکومت نے بعض ایسے قدم اٹھائے ہیں جس پر تلنگانہ پولیس نے اعتراض کیا ہے۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش اور دیگر اہم شخصیتوں کے ٹیلی فون ٹیاپ کرنے سے متعلق الزامات کے بعد چندرا بابو نائیڈو کی قیامگاہ کی سیکورٹی میں تبدیلی کرتے ہوئے تلنگانہ کے بجائے آندھرا پردیش پولیس کو تعینات کیا گیا۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ملازمین پولیس کو جو سیکورٹی پر تعینات تھے انہیں اچانک تبدیل کرتے ہوئے ان کی جگہ آندھرا پردیش پولیس کو مامور کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چندرا بابو نائیڈو کی قیامگاہ کے اطراف کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر آندھرا پردیش پولیس تعینات کی گئی ہے۔ تلنگانہ پولیس نے اس اقدام پر اعتراض جتایا ہے، اس کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ریاست کی تقسیم سے متعلق قانون کے سیکشن 8کے خلاف ہے۔ مشترکہ دارالحکومت کے باوجود تلنگانہ حکومت کو امن و ضبط کی صورتحال اور سیکورٹی کی ذمہ داری ہے لیکن آندھرا پردیش حکومت نے اس قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی پولیس کو تعینات کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وزارت داخلہ تلنگانہ اس سلسلہ میں قانونی کارروائی پر غور کررہی ہے۔ اسی دوران آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والی سی آئی ڈی نے چیف منسٹر تلنگانہ چندر شیکھر راؤ کے خلاف تحقیقات میں شدت پیدا کردی ہے۔ نوٹ برائے ووٹ اسکام میں ملزم نمبر 4 جروسلم متیا نے وجئے واڑہ میں چندر شیکھر راؤ کے خلاف شکایت درج کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھرا پردیش کی سی آئی ڈی نے اس معاملہ کی جانچ میں شدت پیدا کردی ہے۔ متیا نے آندھرا پردیش پولیس کو شکایت کی کہ اسکام میں چندرا بابو نائیڈو کا نام شامل کرنے کیلئے ان پر پولیس کی جانب سے دباؤ ڈالا گیا۔ اس معاملہ میں آندھرا پردیش کی اینٹی کرپشن بیورو کو بھی متحرک کردیا گیا ہے۔ اس طرح دونوں ریاستیں قانونی سطح پر ٹکراؤ کے راستہ پر ہیں۔