حیدرآباد۔/3ڈسمبر، ( این ایس ایس ) آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو اور ان کے چند کابینی ارکان مقننہ آج اس وقت ایک حادثہ میں پوری طرح محفوظ رہے جب ایک بس جس میں وہ سفر کررہے تھے اچانک اس سے خارج ہونے والے سیاہ دھوئیں میں گھر گئے۔ یہ واقعہ اس پیش آیا جب آندھرا پردیش کے چیف منسٹر اور ان کا قافلہ عالمی یوم معذورین کے ضمن میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے لئے مدھورا پوڈی ایر پورٹ سے راجمندری کی سمت روانہ ہورہا تھا۔ چندرا بابو اس تقریب میں شرکت کیلئے اپنے کابینی رفقاء اور پارٹی قائدین کے ساتھ ایک خصوصی طیارہ کے ذریعہ بیگم پیٹ ایرپورٹ سے روانہ ہوئے تھے۔ مدھورا پوڈی ایر پورٹ پہنچنے کے بعد وہ اپنے قافلے کے ساتھ ایک خصوصی بس کے ذریعہ راجمندری روانہ ہورہے تھے کہ دوران سفر بس ڈرائیور نے اچانک یہ محسوس کیاکہ اس بس سے اُٹھنے والا گھنا سیاہ دھواں تمام مسافرین کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔ چنانچہ ڈرائیور نے فی الفور بس کو روک دیا۔ چیف منسٹر بس سے اُتر گئے اور دوسری گاڑیوں کے ذریعہ سفر جاری رکھا۔