چندرا بابو نائیڈو کی بحیثیت چیف منسٹر آج گنٹور میں حلف برداری

مابعد تقسیم آندھرا پردیش کے پہلے چیف منسٹر کی تقریب میں کئی چیف منسٹروں اور مرکزی وزراء کی شرکت متوقع

حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : صدر تلگو دیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو 8 جون ( آج ) شام تقریباً 7.27 بجے بحیثیت چیف منسٹر آندھرا پردیش عہدے اور راز داری کا حلف لیں گے ۔ گورنر آندھرا پردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن ضلع گنٹور کے منگل گیری منڈل کے موضع ’ کاجا ‘ کے حدود میں واقع وسیع اور عریض میدان پر تیار کردہ شہ نشین پر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو چیف منسٹر عہدے کا حلف دلائیں گے ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو کی تقریب حلف برداری کے سلسلہ میں تمام وسیع تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے بحیثیت چیف منسٹر حلف لینے کے بعد ان کے ہمراہ 9 تا 15 وزراء کو بھی مسٹر ای ایس ایل نرسمہن گورنر آندھرا پردیش حلف دلانے کی قوی توقع پائی جاتی ہے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو بحیثیت چیف منسٹر تیسری مرتبہ حلف لیں گے ۔ مرتبہ اے پی کے پہلے چیف منسٹرکی حیثیت سے حلف لینے کے لیے کل 8 جون کو منعقد ہونے والی حلف برداری تقریب میں قومی سطح کے کئی ممتاز قائدین کے علاوہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش سے تقریباً پانچ لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے اور تقریب حلف برداری کے مقام اور اطراف و اکناف کے علاقہ جات کو (طویل فاصلہ تک ) زرد جھنڈیوں ، فلیکیسوں وغیرہ کے ذریعہ سجایا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ وجئے واڑہ کے ایک رضاکارانہ ادارہ کی رپورٹ کے مطابق مسٹر چندرا بابو نائیڈو کی اس حلف برداری تقریب کے لیے سرکاری و خانگی طور پر تقریباً 30 کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں ۔ تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے حیدرآباد ، چینائی ، وشاکھا پٹنم ، بنگلور کے علاوہ دیگر اہم شہروں سے آنے والے قائدین و تلگو دیشم پارٹی حامیوں کے لیے خصوصی بسیں خصوصی ٹرینوں اور یہاں تک کہ طیاروں کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں ۔ بالخصوص حیدرآباد سے بھی خصوصی طیارے روانہ کرنے کے بھی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ سیما آندھرا میں ہر رکن اسمبلی کی جانب سے کثیر تعداد میں پارٹی حامیوں کو گنٹور پہونچانے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ علاوہ ازیں اس تقریب کے لیے پنجاب ، گجرات ، ٹاملناڈو ، اڑیسہ ، چھتیس گڑھ ، گوا و دیگر ریاستوں کے چیف منسٹروں کی شرکت یقینی ہے اور مرکزی وزراء و بی جے پی کے اہم ترین قومی سطح کے قائدین بھی شرکت کررہے ہیں لیکن بتایا جاتا ہے کہ وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کی چند ناگزیر وجوہات کے باعث مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے بحیثیت چیف منسٹر حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی توقع نہیں ہے ۔ اس کے علاوہ تلنگانہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر کے شرکت کرنے کی بھی توقع نہیں ہے جبکہ مرکزی وزراء مسرس راج ناتھ سنگھ ، ایم وینکیا نائیڈو ، مرلی منوہر جوشی ، ارون جیٹلی ، پیوش گوئیل ، پرکاش جاوڈیکر اور سینئیر قائد بی جے پی مسٹر ایل کے اڈوانی و دیگر کی شرکت یقینی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ان تمام قومی قائدین وغیرہ کی شرکت کے پیش نظر تقریب حلف برداری کے لیے زائد از دس ہزار پولیس ملازمین کے ذریعہ سخت صیانتی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ مسٹراین چندرا بابونائیڈو آندھرا پردیش چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لینے کے بعد سب سے پہلے کسانوں کے زرعی قرضہ جات معاف کرنے سے متعلق فائیل پر اپنی دستخط ثبت کریں گے اور پھر مسٹر چندرا بابو نائیڈو نوتشکیل دی جانے والی ریاست آندھرا پردیش کی تعمیر نو کے لیے سب کو برابر کا حصہ دار بننے کی سیما آندھرا عوام سے اپیل کرنے کی توقع ہے ۔۔