چندرا بابو نائیڈو کیخلاف غیرضمانتی گرفتاری وارنٹ

دیگر 14 کیخلاف بھی وارنٹ جاری ، دھرم آباد عدالت کی کارروائی
بابلی پراجیکٹ کیخلاف احتجاج کا شاخسانہ

حیدرآباد۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) مہاراشٹرا میں دھرم آباد عدالت نے چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو کے خلاف غیرضمانتی گرفتاری وارنٹ جاری کیا ہے۔ عدالت نے چندرا بابو نائیڈو اور دیگر14 کو حکم دیا ہے کہ وہ 21 ستمبر کو سماعت کیلئے حاضر عدالت ہوں۔ بابلی پراجیکٹ کی مخالفت کرتے ہوئے 2010ء میں کئے گئے احتجاج کے سلسلے میں چندرا بابو نائیڈو اور دیگر 13 کے خلاف وارنٹ جاری ہوا ہے۔ نائیڈو کو ان نوٹسوں سے واقف کروایا گیا ہے۔ آج وہ تروملا میں خصوصی پوجا کیلئے پہونچے تھے۔ یہاں انہیں دھرم آباد عدالت کی جانب سے جاری وارنٹ سے واقف کروایا گیا۔ دریں اثناء عدالت کے اس حکم نے چندرا بابو نائیڈو کے حامیوں کو دھکہ پہونچا ہے اور یہ حامی شدید برہم ہوگئے۔ انہوں نے عدالت کی اس کارروائی کی مذمت کی اور کہا کہ ان 8 سال میں کسی بھی قسم کی ابتدائی نوٹس دیئے بغیر گرفتاری وارنٹ جاری کیا گیا۔ آندھرا پردیش میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ سال 2010ء میں اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے چندرا بابو نائیڈو اور دیگر 40 تلگو دیشم ارکان اسمبلی نے مہاراشٹرا کے دھرم آباد میں گوداوری پر بابلی پراجیکٹ کی تعمیر کے خلاف احتجاج کیا تھا۔
تلنگانہ اورآندھر ا پردیش میں ژالہ باری کا امکان
حیدرآباد۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے آئندہ 36 گھنٹوں کے دوران آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے بعض حصوں میں ژالہ باری اور گرج چمک کیساتھ ژالہ باری کا انتباہ دیا ہے۔ مشرقی گوداوری ، کرشنا ، نیلور اور چتور میں ژالہ باری ہوگی جبکہ تلنگانہ کے چند علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔