حیدرآباد ۔ 16 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ڈپٹی چیف منسٹر امور داخلہ مسٹر این چناراجپا نے آج دوپہر سکریٹریٹ میں ملاقات کر کے بدلتے ہوئے حالات کے پیش نظر بعض اہم امور پر تفصیلی بات چیت کی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر امور داخلہ آندھرا پردیش مسٹر این چنا راجپا اتفاقی طور پر آج صبح شہر حیدرآباد میں موجود نہیں تھے ۔ انہیں فوری حیدرآباد واپس آنے کی ہدایات دی گئیں ۔ باوثوق ذرائع نے یہ بات کہی کہ مسٹر چناراجپا چونکہ وزارت داخلہ کے مکمل امور اپنے پاس ہی رکھتے ہیں لہذا موجودہ حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے فوری طور پر مسٹر چناراجپا کو حیدرآباد طلب کرلیا کیوں کہ نوٹ کے عوض ووٹ معاملہ میں اینٹی کرپشن بیورو ریاست تلنگانہ کی جانب سے انہیں ( چندرا بابو نائیڈو کو ) نوٹسیں جاری کرنے کے قوی امکانات کے ساتھ ساتھ بعض مصدقہ اطلاعات کی روشنی میں چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے شہر میں موجود تمام وزراء کے علاوہ بعض بہ اعتماد اعلیٰ عہدیداروں سیول و پولیس کے ساتھ آج دن بھر میں ایک سے زائد مرتبہ تبادلہ خیال کیا اور تلنگانہ حکومت کی سرگرمیوں اور پیشرفت کو دیکھتے ہوئے مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے اپنی آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی غور و خوض کیا ۔۔