چندرا بابو نائیڈو کا دورہ سنگاپور منسوخ

حیدرآباد۔ /25مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو کا دورہ سنگا پور لمحہ آخر میں منسوخ ہوگیا۔ حقیقت یہ ہے کہ چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو آج شب سنگاپور کیلئے روانہ ہونے والے تھے تاکہ سنگاپور پہنچ بانی وزیر اعظم سنگاپور کی آخری رسومات میں شرکت کرسکیں اور انہیں ( بانی وزیر اعظم سنگاپور ) خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد مارچ کی شب سنگاپور سے روانہ ہوکر صبح کی اولین ساعتوں یعنی 27مارچ کو حیدرآباد واپس ہونے والے تھے اور اس سلسلہ میں حکومت آندھرا پدیش کی جانب سے وزارت خارجہ کو بھی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے دورہ سنگاپور سے واقف کروایا گیا لیکن وزارت خارجہ نے اس وضاحت کے ساتھ کہ خود وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی بانی وزیر اعظم سنگاپور کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے سنگاپور روانہ ہورہے ہیں لہذا ان کے ( وزیر اعظم ) پروگرام کو پیش نظر رکھتے ہوئے چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو سنگاپور دورہ کی اجازت نہیں دی جاسکتی جس کے پیش نظر چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے لمحہ آخر میں اپنے دورہ سنگاپور کو منسوخ کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ خود وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی ملک ( ہندوستان ) کی نمائندگی کرتے ہوئے بانی وزیر اعظم سنگاپور کی آخری رسومات میں شرکت کررہے ہیں کہ کسی ریاست کے چیف منسٹر کے دورہ سنگاپور کی وزارت خارجہ ضرورت محسوس نہیں کرتی جس کے پیش نظر مسٹر نائیڈو کو اجازت دینا ممکن نہ ہونے کا اظہار کیا۔