چندرا بابو نائیڈو کا آج سے سہ روزہ دورہ سنگاپور

ریاست میں سرمایہ کاری کی ترغیب کے لیے چیف منسٹر آندھرا پردیش کوشاں
حیدرآباد ۔ 10 ۔ نومبر : ( پی ٹی آئی ) : آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو ایک اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کرتے ہوئے سنگاپور کا دورہ کریں گے تاکہ سرمایہ کاروں کو راغب کیا جاسکے ، کل سے شروع ہونے والا ان کا یہ دورہ دوسری مرتبہ چیف منسٹر بننے کے بعد ان کا پہلا بیرونی دورہ ہوگا ۔ سنگاپور کے سابق وزیر اعظم گوہ چوک ٹانگ نے 8 ستمبر کو ان کے یہاں کے دورہ کے موقع پر مسٹر نائیڈو کو سٹی ۔ اسٹیٹ کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی اور کہا تھا کہ سنگاپور ، آندھرا پردیش میں بندرگاہوں ، ایرپورٹس ، سیاحت اور صنعتی شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے ۔ سنگاپور نے پہلے ہی آندھرا پردیش کو نئے دارالحکومت کی تعمیر میں مدد کرنے کے علاوہ اسمارٹ شہروں کو فروغ دینے میں تعاون کرنے کی پیشکش کی ہے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق مسٹر نائیڈو اور ان کی ٹیم دوسری چیزوں کے علاوہ سنگاپور میں ویسٹ ۔ واٹر ٹریٹمنٹ سسٹم کا معائنہ کرے گی جسے حکومت آندھرا پردیش میں لانا چاہتی ہے ۔ انسٹی ٹیوٹ آف ساوتھ ایشین اسٹیڈیز نے بھی سنگاپور میں منعقد ہونے والی سالانہ ساوتھ ایشین کانفرنس میں خصوصی مہمان کے طور پر چندرا بابو نائیڈو کو مدعو کیا ہے ۔ سنگاپور کے سہ روزہ دورہ کے دوران چیف منسٹر بزنس کانفرنسیس منعقد کریں گے اور صنعتی شعبہ کے ہیڈس سے ملاقات کرتے ہوئے سرمایہ کاری کی ترغیب دیں گے ۔ اس وفد میں وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو وزیر بلدی نظم و نسق پی نارائنا ، نئی دہلی میں حکومت آندھرا پردیش کے نمائندہ خصوصی کے رام موہن راؤ ، ریاستی حکومت کے مشیران جے ستیہ نارائنا ( انفارمیشن ٹکنالوجی ) ، پرکالا پربھاکر ( مواصلات ) ، اور دیگر اعلیٰ عہدیدار شامل رہیں گے ۔ کانفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے نمائندے بھی چیف منسٹر کے ہمراہ ہوں گے ۔۔