چندرا بابو نائیڈو پر ٹی آر ایس کی تنقیدوں کی مذمت : وجئے شانتی

حیدرآباد 7 جنوری ( این ایس ایس ) اداکار سے سیاستدان بننے والی وجئے شانتی نے آج بر سر اقتدار ٹی آر ایس پر شدید تنقید کی ہے اور الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس قائدین کیلئے یہ عادت بنتی جا رہی ہے کہ کسی مخصوص سیاسی جماعت کو نشانہ بنائیں اور انتخابات کے دوران اس پر مسلسل تنقید کی جائے ۔ وجئے شانتی نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین نے حالیہ انتخابات کے دوران تلگودیشم اور اس کے صدر چندرا بابو نائیڈو کو نشانہ بنایا اور تنقیدیں کی جا تی رہی ہیں اور اب مجوزہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر بی جے پی اور وزیر اعظم مودی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خود اب بی جے پی قائدین کا یہ احساس ہے کہ ہر وہ ووٹ جو ٹی آر ایس کے حق میں جائیگا وہ در اصل بی جے پی کے حق میں ہی ہوگا ۔ وجئے شانتی نے اپنے ٹوئیٹر پر ٹوئیٹس کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی ان تنقیدوں کو بی جے پی کی جانب سے کوئی اہمیت نہیں دی جا رہی ہے ۔