حیدرآباد۔/22جولائی ، ( سیاست نیوز) وزیر تعلیم تلنگانہ جگدیش ریڈی نے چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو پر الزام عائد کیا کہ وہ تلنگانہ کے داخلی مسائل میں مداخلت کرتے ہوئے طلبہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگدیش ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت تلنگانہ طلبہ کے ساتھ مکمل انصاف کرے گی جبکہ طلبہ سے دھوکہ دہی کا ریکارڈ چندرا بابو نائیڈو کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیس ری ایمبرسمنٹ مسئلہ پر چندرا بابو نائیڈو تلنگانہ حکومت کے اختیارات کو چیلنج کررہے ہیں۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت صرف انہی طلبہ کو تعلیمی فیس ادا کرے گی جن کا تعلق تلنگانہ سے ہے، غیر تلنگانہ طلبہ کو اس اسکیم سے استفادہ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم پر عمل آوری کے سلسلہ میں حکومت نے رہنمایانہ خطوط طئے کئے ہیں اس کے مطابق 1956سے قبل تلنگانہ میں قیام پذیر خاندانوں کے طلبہ کو بھی حکومت فیس ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر چندرا بابو نائیڈو غیر ضروری تنازعہ کھڑا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے مقامی ہونے کے بارے میں تعین کرنے کا اختیار تلنگانہ حکومت کو ہے
اور آندھرا پردیش حکومت اس سلسلہ میں کوئی فیصلہ نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو تلنگانہ طلبہ کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کررہے ہیں۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ ایمسیٹ کونسلنگ میں تاخیر کیلئے چندرا بابو نائیڈو ذمہ دار ہیں۔ داخلوں کے سلسلہ میں آندھرا پردیش حکومت غیر ضروری مسائل پیدا کرتے ہوئے طلبہ کی زندگی سے کھلواڑ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم کو تلنگانہ حکومت نے منسوخ کردیا ہے اس کی جگہ FASTاسکیم پر عمل آوری کی جارہی ہے جو معاشی طور پر پسماندہ طلبہ کی امداد سے متعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ طلبہ کے مفادات کے تحفظ کے عہد کی پابند ہے اور وہ اچھی طرح جانتی ہے کہ کس طرح اپنی ریاست کے طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو بچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے حقوق کے تحفظ کیلئے ٹی آر ایس حکومت کسی بھی حد تک جدوجہد کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیس ری ایمبرسمنٹ کے مسئلہ پر آندھرائی عوام کے دباؤ کو دیکھتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو تلنگانہ حکومت پر الزامات عائد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کو تلنگانہ کے داخلی معاملات میں مداخلت کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ٹی آر ایس حکومت تلنگانہ کے نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرے گی اور تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی تشکیل کے ساتھ ہی نئے تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے مسئلہ پر طلبہ کے احتجاج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں طلبہ کو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں، حکومت سرکاری اور خانگی سطح پر تلنگانہ طلبہ کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرے گی اور اس سلسلہ میں ٹی آر ایس نے عوام سے جو وعدے کئے تھے اس پر بہر صورت عمل آوری کی جائے گی۔