صرف اقتدار عزیز ، شہباز احمد خاں اور دیگر کئی اقلیتی قائدین پارٹی سے مستعفی
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : تلگو دیشم پارٹی کے بھارتیہ جنتا پارٹی سے اتحاد کے خلاف تلگو دیشم اقلیتی قائدین میں شدید برہمی پائی جاتی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد تلگو دیشم پارٹی اقلیتی سیل جناب شہباز احمد خاں نے آج ٹی ڈی پی ۔ بی جے پی اتحاد پر حکمت عملی اختیار کرنے کے مقصد سے جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ اس جائزہ اجلاس میں شریک کئی تلگو دیشم قائدین نے پارٹی کی جانب سے اختیار کردہ موقف پر بطور احتجاج اپنا استعفیٰ پیش کردیا ۔ جناب شہباز احمد خاں نے بتایا کہ تلگو دیشم پارٹی سیکولر کردار و نظریات کی حامل سیاسی جماعت تھی لیکن اب مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے نریندر مودی کے ساتھ اتحاد کا فیصلہ کرتے ہوئے یہ ثابت کردیا کہ وہ اقتدار کو عزیز رکھتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ مظلومین گجرات کو ہندوستانی مسلمان کبھی فراموش نہیں کرسکتے اور مسلمانوں کی تباہی ، قتل و غارت گری کے علاوہ عصمت ریزی کے ذمہ دار نریندر مودی کو مستحکم کرنے تلگو دیشم پارٹی نے جو اقدام کیا ہے وہ انتہائی قابل مذمت و افسوسناک ہے اسی لیے وہ اور ان کے حامی نہیں چاہتے کہ فرقہ پرستوں کے درمیان مفاہمت کے ذریعہ اپنا مقام پیدا کرنے والوں کے ساتھ نہ رہا جائے ۔ جناب شہباز احمد خاں نے بتایا کہ وہ یہ فیصلہ کرچکے ہیں کہ اب مزید تلگو دیشم پارٹی میں برقرار نہیں رہیں گے چونکہ تلگو دیشم پارٹی نے سیاسی مفادات کے لیے اجتماعی مفادات کا قتل کردیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ صدر تلگو دیشم مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے بھارتیہ جنتا پارٹی سے اتحاد کے ذریعہ نہ صرف گجرات کے مسلم کش فسادات کے مہلوکین کا مذاق اڑایا ہے بلکہ انہوں نے علماء دین کی بھی توہین کی ہے ۔ جناب شہباز احمد خاں نے کہا کہ میریڈین فنکشن ہال میں سینکڑوں علماء و مشائخین کی موجودگی میں صدر تلگو دیشم پارٹی نے مسلمانوں سے اس بات کا وعدہ کیا تھا کہ وہ زعفرانی جماعت کے ساتھ کسی بھی صورت میں اتحاد نہیں کریں گے لیکن انہوں نے اس وعدہ سے انحراف کرتے ہوئے اپنی سیاسی مصلحت پسندی کو ثابت کردیا ہے ۔ جناب شہباز احمد خاں کے ساتھ مستعفی ہونے والے قائدین میں ریاستی سکریٹری یس سی سیل مسٹر ای درگیش ، مسرز محمد احمد ، محمد سہیل الدین ، محمد سجاد آرگنائزنگ سکریٹریز سٹی تلگو دیشم ، محمد عبدالباسط ضلع اقلیتی صدر میدک ، محمد معراج ، محمد ضمیر الدین ، جنید علی محمد سٹی جنرل سکریٹریز کے علاوہ 17 نائب صدور ، 6 آرگنائزنگ سکریٹریز ، 20 سکریٹریز ، 4 ڈیویژن صدور کے علاوہ 3 ترجمان شامل ہیں ۔۔