چندرا بابو نائیڈو عام آدمی کی زندگی اور مسائل کو سمجھنے میں ناکام

حیدرآباد 6 جنوری (سیاست نیوز )ٹی آر ایس کے فلور لیڈر ای راجندر نے صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے ٹی آر ایس کے صدر چندرا شیکھر راو کو تنقید کا نشانہ بنانے پر شدید رد عمل کا اظہار کیا۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجندر نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے کے سی آر کی جانب سے زراعت پر توجہ دینے سے متعلق سرگرمیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ کے سی آر کی جانب سے شخصی طور پر زرعی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر تنقید کرنا مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ چندرا شیکھر راؤ کسان گھرانے میں پیدا ہوئے اور اسی میں اُن کی پرورش ہوئی اور آج بھی وہ شخصی طور پر زراعت سے وابستہ ہیں۔ چندرا شیکھر راو میدک میں اپنی زرعی اراضیات پر مختلف فصلوں کی کاشت کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چندرا شیکھر راؤ نے کسان گھرانے سے تعلق کے باوجود علحدہ تلنگانہ ریاست کیلئے عوام میں سیاسی شعور بیدار کرنے اہم رول ادا کیا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چندرا بابو نائیڈو تلنگانہ تحریک کی شدت کو برداشت نہ کرتے ہوئے کے سی آر کو نشانہ بنارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چندرا بابو نائیڈو نے چیف منسٹر کی حیثیت سے زراعت کو بے فیض قرار دیا تھا جبکہ کے سی آر نے زراعت کو ایک تہوار سے تعبیر کیا۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی کے نام پر چندرا بابو نائیڈو نے اپنے دور حکومت میں زراعت کو یکسر نظر انداز کردیا تھا ۔ راجندر نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو عام آدمی کی زندگی اور ان کے مسائل کو سمجھنے میں ناکام رہے ہیں ۔ ان کے دور حکومت میں برقی کی شرحوں میں کمی کا مطالبہ کرنے والے کسانوں پر بشیر باغ میں پولیس فائرنگ کی گئی۔ تلگودیشم دور حکومت میں برقی کی عدم سربراہی کے باعث مسائل کا شکار اور فصلوں کو بھاری نقصان کے سبب ہزاروں کسانوں نے خودکشی کرلی۔ ا

نہوں نے کہا کہ تلگودیشم سربراہ کو کسانوں کے بارے میں کہنے کا کوئی حق نہیں کیونکہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں زراعت کی ترقی کو فراموش کردیا تھا۔ کسانوں کی خودکشی اور فصلوں کو بھاری نقصانات کے لئے چندرا بابو نائیڈو ذمہ دار ہیں۔ٹی آر ایس فلور لیڈر نے کہا کہ مخالف عوام پالیسیوں کے سبب عوام نے تلگودیشم پارٹی کو اقتدار سے محروم کردیا۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو صرف دو ایکر زرعی اراضی کے مالک ہونے کا دعوی کرتے رہے لیکن آج وہ کس طرح 2000کروڑ کے اثاثہ جات کے مالک بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام چندرا بابو نائیڈو کے اثاثہ جات اور دولت میں اضافہ کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں خود نائیڈو کو اس سلسلہ میں وضاحت کرنی چاہئے ۔