چندرا بابو نائیڈو سے نریندر ریڈی کی ملاقات

اے سی بی کے طریقہ کار کی شکایت ، ڈی جی پی آندھرا پردیش کا بھی تفصیلی تبادلہ خیال
حیدرآباد۔ 18 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کیلئے ارکان اسمبلی کوٹہ کے تحت گزشتہ ماہ منعقدہ ایم ایل سی انتخابات کے تلگو دیشم پارٹی امیدوار مسٹر وی نریندر ریڈی جو فی الوقت نوٹ کے عوض ووٹ معاملہ میں اینٹی کرپشن بیورو کی جاری تحقیقات کا سامنا کررہے ہیں۔ آج مسٹر چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی۔ انہوں نے اینٹی کرپشن بیورو عہدیداروں کے اختیار کردہ طرز عمل سے واقف کروایا۔ مسٹر وی نریندر ریڈی کی گزشتہ دن اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے تفتیش کی اور بیان قلمبند کیا تھا۔ ذرائع نے کہا کہ نریندر ریڈی نے ان سے پوچھے گئے تمام سوالات اور دیئے گئے جوابات کی تفصیل سے چندرا بابو نائیڈو کو واقف کروایا۔ سابق قائد تلگو دیشم پارلیمنٹری پارٹی مسٹر این ناگیشور راؤ اور جی رام موہن راؤ نے بھی آج صبح مسٹر چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی اور تازہ ترین سیاسی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آندھرا پردیش مسٹر جے وی راموڈو نے بھی آج چیف منسٹر اے پی سے ان کی قیام گاہ پہنچ کر ملاقات کی اور آندھرا پردیش میں چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے خلاف درج کردہ کیسیس کی تحقیقات میں پیشرفت کے علاوہ متیا کیس کی تحقیقات وغیرہ کے سلسلے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ چیف سیکریٹری مسٹر آئی وی آر کرشنا راؤ نے صدرنشین نیتی آیوگ سے ملاقات اور اس سلسلے میں بات چیت کرنے کیلئے آج دہلی روانہ ہوگئے ، جبکہ مرکزی وزارت داخلہ کے عہدیداروں سے تبادلہ خیال کرنے کیلئے ڈائریکٹر جنرل پولیس آندھرا پردیش مسٹر جے وی راموڈو بھی آج شام دہلی جانے کی اطلاعات ہیں۔ مسٹر چندرا بابو پارٹی کے سینئر قائدین اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کے فوری بعد راجمندری کے دورہ پر روانہ ہوگئے۔