حیدرآباد۔/19جون، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی سرینواس گوڑ نے الزام عائد کیا کہ چندرا بابو نائیڈو حیدرآباد پر اپنا کنٹرول برقرار رکھنے کیلئے تنظیم جدید قانون کے سیکشن 8پر عمل آوری کیلئے مرکز پر دباؤ بنارہے ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس گوڑ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت اور حیدرآباد پر تسلط قائم کرنے کیلئے آندھرا پردیش مختلف سازشیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد چونکہ آندھرا پردیش کیلئے نیا دارالحکومت نہیں تھا لہذا ٹی آر ایس نے حیدرآباد کو مشترکہ دارالحکومت کی تجویز کو قبول کیا تھا لیکن چندرا بابو نائیڈو تلنگانہ حکومت کے خلاف ہی سازشیں کرتے ہوئے آندھرائی تسلط کی برقراری کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مقصد براری کیلئے آندھرا اور رائلسیما سے تعلق رکھنے والے افراد کو مشتعل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوٹ برائے ووٹ اسکام منظر عام پر آنے کے بعد چندرا بابو نائیڈو نے اسے دونوں ریاستوں کے تنازعہ کی شکل دے دی ہے جبکہ یہ معاملہ خالص کرپشن اور بدعنوانی کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مقیم آندھرائی خاندان چندرا بابو نائیڈو کے بہکاوے میں آنے والے نہیں ہیں کیونکہ وہ تلنگانہ عوام کے ساتھ میل ملاپ سے زندگی بسر کررہے ہیں۔ سرینواس گوڑ نے کہا کہ مرکز پر سیکشن 8 نافذ کرنے کیلئے مسلسل دباؤ کا کوئی اثر نہیں ہوا اور مرکزی حکومت نے واضح کردیا کہ اس طرح کے قانون کے نفاذ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر کو اس تنازعہ میں گھسیٹنا افسوسناک ہے۔