چندرا بابو نائیڈو تلگودیشم لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر منتخب

تروپتی۔ /4جون، ( پی ٹی آئی) تلگودیشم پارٹی کے صدر این چندرا بابو نائیڈو کو آندھرا پردیش اسمبلی کیلئے تلگودیشم لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کرلیا گیا۔ اس متفقہ انتخاب سے اُن ( چندرا بابو نائیڈو ) کے نئی ریاست آندھرا پردیش ( سیما آندھرا ) کے چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہونے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ تلگودیشم پارٹی کی طرف سے یہاں کئے گئے ایک اعلان کے مطابق ’’ تلگودیشم ارکان اسمبلی نے تروپتی میں منعقدہ اپنے ایک اجلاس میں چندرا بابو نائیڈو کو متفقہ طور پر اپنی لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کرلیا ہے۔‘‘

تشکیل تلنگانہ کے بعد باقی بچ جانے والی ریاست آندھرا پردیش ( سیما آندھرا ) کی 175رکنی اسمبلی کیلئے تلگودیشم کے 106نو منتخب ارکان اسمبلی نے سری وینکٹیشورا یونیورسٹی کے سنیٹ ہال میں منعقدہ رسمی اجلاس میں مسٹر نائیڈو کو بلامقابلہ منتخب کیا۔ چندرا بابو نائیڈو اس اجلاس میں شرکت کیلئے حیدرآباد سے یہاں پہنچے تھے۔ تلگودیشم پارٹی کے ایک سینئر لیڈر کرشنا مورتی نے نائیڈو کا نام پیش کیا اور دیگر ارکان نے متفقہ طور پر اس کی تائید کی۔64سالہ ہائی ٹیک رہنما چندرا بابو نائیڈو آندھرا پردیش کے نئے چیف منسٹر کی حیثیت سے8جون کو حلف لیں گے۔ انہوں نے تروپتی سے بحیثیت ٹی ڈی ایل پی لیڈر اپنے انتخاب کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ واضح رہے کہ یکم اکٹوبر 2003ء کو اُن پر کئے گئے ایک خطرناک قاتلانہ حملہ میں اس وقت بال بال بچ گئے تھے جب پیوپلز وار گروپ ( پی ڈبلیو ڈی ) کے نکسلائٹوں نے زمینی سرنگ دھماکہ کیا تھا جب وہ تروپتی میں واقع لارڈ وینکٹیشورا مندر روانہ ہورہے تھے۔

ستیہ نارائنا چودھری تلگودیشم پارلیمانی پارٹی کے لیڈر منتخب
حیدرآباد۔/4جون، ( پی ٹی آئی) راجیہ سبھا کے رکن یلامنچلی ستیہ نارائنا چودھری کو آج تلگودیشم پارلیمانی پارٹی کا لیڈر منتخب کرلیا گیا۔ کاکیناڈا کے تھوٹا نرسمہم سے نومنتخب رکن پارلیمنٹ لوک سبھا میں تلگودیشم پارٹی کے لیڈر ہوں گے جبکہ ان کے ایک سینئر پارٹی رفیق ٹی دیویندر گوڑ راجیہ سبھا میں تلگودیشم پارٹی کے لیڈر ہوں گے۔ لوک سبھا کے رکن نملا کشٹپا تلگودیشم پارلیمانی پارٹی کے سکریٹری ہوں گے۔ راجیہ سبھا کے رکن ٹی سیتا راما لکشمی خازن ہوں گے۔ این شیوا پرساد لوک سبھا میں تلگودیشم کے ڈپٹی لیڈر اور کوناملا نارائن راؤ وہپ ہوں گے۔ راجیہ سبھا میں سی ایم رمیش تلگودیشم پارٹی کے ڈپٹی لیڈر اور گنڈو سدھا رانی وہپ ہوں گی۔ پہلی مرتبہ منتخب ارکان پارلیمنٹ گلا جئے دیو، کے رام موہن نائیڈو اور ملا ریڈی تلگودیشم پارٹی کے قومی ترجمان ہوں گے۔