چندرا بابو نائیڈو اور وزرا کیلئے سیکریٹریٹ میں چیمبرس تیار نہیں

ایل بلاک کی آٹھویں منزل پر چیف منسٹر آندھرا پردیش کا دفتر تیار ہونے 3 ماہ درکار ہونگے ۔ واستو کے مطابق بلاکس کی تبدیلی سے تاخیر
حیدرآباد 7 جون ( سیاست نیوز ) اب جبکہ مسٹر این چندرا بابو کل اتوار کو آندھرا پردیش کے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لینے والے ہیں ان کے اور ان کے ساتھ حلف لینے والے وزرا کیلئے سیکریٹریٹ تیار نہیں ہے ۔ حالانکہ سیکریٹریٹ کے ایل بلاک کی آٹھویں منزل پر تزئین و مرمت کا کام شروع ہوگیا ہے لیکن اس کی تکمیل کیلئے کم از کم تین ماہ کا وقت درکار ہوگا جب چیف منسٹر کا دفتر تیار ہوگا ۔ پہلے منصوبہ تھا کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش کا دفتر ایچ ساؤتھ بلاک میں قائم کیا جائیگا بعد میں اسے ایچ نارتھ بلاک میں قائم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ۔ اس بلاک میں تزئین و مرمت کے کام بھی شروع ہوگئے تھے تاہم مسٹر نائیڈو کے منجم نے اس کو مسترد کردیا اور واستو کے اعتبار سے دفتر کو ایل بلاک میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ منجم کے بموجب یہاں کوئی منفی اثرات نہیں ہیں ۔ جب تک اس بلاک میں مسٹر نائیڈو کا باقاعدہ دفتر تیار نہیں ہوجائیگا وہ راج بھون میں لیک ویو گیسٹ ہاوز سے کام کرینگے ۔ مسٹر نائیڈو امکان ہے کہ تقسیم کے بعد برقرار رہنے والی ریاست آندھرا پردیش ریاست کے چیف منسٹر کی حیثیت سے کام کاج 12 وزرا کے ساتھ شروع کرینگے ۔ ان وزرا کے دفاتر بھی ابھی تیار نہیں ہوئے ہیں۔ تلنگانہ کے تمام گیارہ وزرا کوا یک ہی بلاک میں جگہ دی گئی ہے اور ان کے دفاتر قائم کئے گئے ہیں لیکن آندھرا پردیش کے وزرا کو جے ‘ کے ایچ نارتھ اور ایچ ساؤتھ بلاکس الاٹ کئے گئے ہیں۔ محکمہ عمارات و شوارع کے پرنسپل سکریٹری بی سام باب نے کہا کہ ہم کام کو تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کر رہے ہیں اور امید ہے کہ جب تک وزرا حلف لینے کے بعد حیدرآباد آئیں اسوقت تک انکے چیمبرس تیار ہوجائینگے ۔ انہوں نے توثیق کی کہ ایل بلاک تین ماہ میں تیار ہوجائیگا ۔واضح رہے کہ سیکریٹریٹ میں کام کرنے والے سیما آندھرا کے ملازمین نے چندرا بابو نائیڈو کے سیکریٹریٹ پہونچنے پر شاندار استقبال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کئی ملازمین ان کی حلف برداری تقریب میں بھی شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں۔