چندرا بابو نائیڈو آج عازمین حج کو وداع کریں گے

حیدرآباد۔/23ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو کل 24ستمبر کو حج ہاوز نامپلی سے آندھرا پردیش کے عازمین حج کو وداع کریں گے۔ چندرا بابو نائیڈوکا بحیثیت چیف منسٹر آندھرا پردیش یہ پہلا دورہ حج ہاوز ہے۔ اس سے قبل وہ متحدہ آندھرا پردیش کے چیف منسٹر کی حیثیت سے حج ہاوز کا دورہ کرچکے ہیں۔ پروگرام کے مطابق چندرا بابو نائیڈو شام5:30بجے حج ہاوز پہنچیں گے اور عازمین حج سے ملاقات کے بعد مختصر خطاب کریں گے۔ بعد میں عازمین حج کی بسوں کو جھنڈی دکھاکر وداع کریں گے۔ توقع کی جارہی ہے کہ چندرا بابو نائیڈو اس موقع پر عازمین حج کی خدمت کے سلسلہ میں حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے بعض اعلانات کرسکتے ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو جس قافلہ کو وداع کریں گے وہ رات 10:30بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے جدہ کیلئے پرواز کرے گا۔ اس قافلہ میں کرنول کے 141، نیلور 91، پرکاشم 63اور مغربی گوداوری کے 27عازمین شامل ہوں گے۔ وزیر اقلیتی بہبود آندھرا پردیش پلے رگھوناتھ ریڈی اور سابق وزیر این محمد فاروق کے علاوہ تلگودیشم کے دیگر قائدین اس موقع پر موجود رہیں گے۔ اسی دوران اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود حکومت آندھرا پردیش سید عمر جلیل اور کمشنر اقلیتی بہبود شیخ محمد اقبال ( آئی پی ایس ) نے آج شام حج ہاوز پہنچ کر چندرا بابو نائیڈو کے دورہ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اسپیشل آفیسر وقف بورڈ جلال الدین اکبر اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے انہیں انتظامات سے واقف کرایا۔ حج کمیٹی کی جانب سے چیف منسٹر آندھرا پردیش کے خیرمقدم کیلئے بیانرس نصب کئے جائیں گے۔ تلگودیشم کے تلنگانہ اقلیتی قائدین کی جانب سے چندرا بابو نائیڈو کے حج ہاوز میں استقبال کی بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں۔ حج ہاوز کے اطراف نائیڈو کے استقبالیہ پوسٹرس اور بیانرس نصب کئے جارہے ہیں۔ آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے عازمین حج میں اس وقت مسرت کی لہر دوڑ گئی جب انہیں اطلاع دی گئی کہ چندرا بابو نائیڈو انہیں وداع کریں گے۔