پولاورم پراجکٹ پر بات چیت اور مسئلہ کی یکسوئی کی کوشش
حیدرآباد 21 ستمبر ( این ایس ایس) آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو22 ستمبر کو چھتیس گڑھ روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ ہمہ مقصدی پولاورم پراجکٹ کی تعمیر سے پیدا ہونے والے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس پراجکٹ کی تکمیل کیلئے تلنگانہ کے ضلع کھمم کے 136 مواضعات، 211 قریوں اور 7 منڈلوں کو آندھرا پردیش میں ضم کرنے کیلئے پولاورم آرڈیننس جاری کیا گیا ہے۔ اس پراجکٹ کے تحت متصلہ ریاست چھتیس گڑھ کے چند صدارتی علاقہ بھی زیر آب آسکتے ہیں۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو توقع ہے کہ کل چھتیس گڑھ میں اپنے ہم منصب سے ملاقات کے دوران اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کریں گے۔ پولاورم پراجکٹ کے سبب چھتیس گڑھ کے چار مواضعات دیندرہ ، انزارن ،کنٹہ اور مولا کی سوری زیر آب ہوجائیں گے اور تقریبا 3,831 ہیکٹر جنگلاتی اراضی بھی زیر آب ہونے کا اندیشہ ہے ۔ چندرا بابو نائیڈودارالحکومت نیا رائے پور کا دورہ بھی کریں گے اور اپنی ریاست میں نئے دارالحکومت کے قیام کے ضمن میں وہاں کے تجربات پر معلومات حاصل کریں گے ۔