حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری : ( آئی این این ) : وائی ایس آر کانگریس نے تلگو دیشم سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست کی تقسیم پر اپنی پالیسی کو واضح کرے ۔ ضلع مغربی گوداوری میں جلسہ عام سے قبل چندرا بابو نائیڈو کو اپنا موقف ظاہر کرنا ہوگا ۔ وائی ایس آر کانگریس کے رکن اسمبلی جی سریکانت ریڈی نے آج اخباری نمائندوں سے کہا کہ مقامی قائدین کو چاہئے کہ وہ صدر تلگو دیشم پر دباؤ ڈالیں کہ وہ متحدہ ریاست کے لیے اپنے موقف کو واضح کریں اور یگانگت کا اظہار کریں ۔ عوام سے خطاب کرنے سے قبل تلگو دیشم کا یہ اخلاقی فرض ہے کہ وہ آندھرا کے عوام کو یہ بتائیں کہ آندھرا پردیش کی تقسیم کے بارے میں ان کا موقف کیا ہے ۔ مقامی قیادت کو چاہئے کہ وہ اپنے لیڈر پر دباؤ ڈالیں ۔ چندرا بابو نائیڈو کے مبہم موقف کی وجہ سے الجھن پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے ریاست کی تقسیم کے لیے اپنی تصدیق کی مہر لگادی ہے ۔ اس لیے وہ متحدہ ریاست کے حق میں اپنی رائے ظاہر کرنے کا حق بھی کھو چکے ہیں ۔ جلسہ عام میں وہ سیما آندھرا کے لوگوں کو بے وقوف نہیں بناسکتے ۔ پارلیمنٹ میں جس وقت گڑبڑ ہورہی تھی چندرا بابو نائیڈو بھی دہلی میں تھے ۔ انہوں نے ہی علاقائی بنیادوں پر پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کو ایک دوسرے کے خلاف اکسایا تھا ۔ دہلی میں تلگو دیشم قائدین نے جو کیا ہے وہ نائیڈو کی اسکرپٹ کے مطابق ہی تھا ۔۔