تلگو دیشم مخالف تلنگانہ پارٹی، اتم کمار ریڈی عوام سے وضاحت کریں، وزیر آبپاشی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 9۔ اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کانگریس اور تلگو دیشم میں انتخابی اتحاد کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور سوال کیا کہ آیا یہ اتحاد مشروط ہے یا پھر غیر مشروط و بے شرمی پر مبنی ہے۔ ہریش راؤ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی صدر پردیش کانگریس کے نام کھلا خط جاری کیا جس میں 12 مختلف سوالات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو ابھی بھی آندھرا بابو ہیں اور انہوں نے تلنگانہ کی مخالفت کی روش ترک نہیں کی ہے۔ کانگریس پارٹی کیلئے انتہائی افسوس کی بات ہے کہ اس نے مخالف تلنگانہ پارٹی کے ساتھ اتحاد کرلیا اور اسے حق بجانب قرار دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تلنگانہ تحریک اور تشکیل تلنگانہ کے وقت چندرا بابو نائیڈو نے جس طرح مخالفت کی تھی وہ عوام کے سامنے ہے۔ ریاست کی تشکیل کے بعد بھی چندرا بابو نائیڈو تلنگانہ پراجکٹس کو روکنے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھا رہے ہیں۔ ایسے شخص سے انتخابی اتحاد کرنا شرمناک ہے۔ کانگریس پارٹی کو اس سلسلہ میں 12 سوالات کے جوابات دینے چاہئے ۔ ہریش راؤ نے وضاحت کی کہ 2009 ء میں ٹی آر ایس نے تلگو دیشم سے انتخابی مفاہمت کی تھی لیکن وہ مشروط مفاہمت تھی۔ چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے علحدہ تلنگانہ کی تائید میں پرنب مکرجی کمیٹی کو مکتوب روانہ کرنے کے بعد ہی یہ مفاہمت کی گئی۔ تلگو دیشم نے متحدہ آندھرا کے نعرہ کو فراموش کردیا تھا۔ 2004 ء میں ٹی آر ایس نے کانگریس سے مفاہمت اس وقت کی جب کانگریس ہائی کمان نے تشکیل تلنگانہ کے حق میں فیصلہ کیا تھا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس نے دونوں مواقع پر تلنگانہ کی تائید کو شرط رکھا تھا اور اس شرط کی تکمیل کے بعد مفاہمت کی گئی تھی ۔ انہوں نے اتم کمار ریڈی سے سوال کیا کہ مہا کوٹمی میں تلگو دیشم کی شمولیت کن بنیادوں پر کی گئی ہے۔ کیا چندرا بابو نائیڈو نے اپنا مخالف تلنگانہ رویہ ترک کردیا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش حکومت کی جانب سے ابھی بھی تلنگانہ کے مفادات کے خلاف مرکز سے نمائندگیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ میں کہا کہ چندرا بابو نائیڈو ہمیشہ تلنگانہ کے خلاف نمائندگی کے لئے ان سے رجوع ہوئے جبکہ کے سی آر نے تلنگانہ کی ترقی کی بات کہی۔ ہریش راؤ نے اتم کمار ریڈی سے مطالبہ کیا کہ اگر چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ کی مخالفت ترک کرنے سے متعلق کوئی مکتوب حوالے کیا ہے تو اسے منظر عام پر لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ کے پراجکٹس کے خلاف مرکز سے جو نمائندگی کی ہے کیا اس سے دستبرداری اختیار کرلیں گے؟ انہوں نے کہا کہ حقیر سیاسی مفادات کیلئے تلنگانہ کے غداروں کے ساتھ انتخابی مفاہمت افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو مہاکوٹمی کے مقاصد کی تفصیلات عوام کے درمیان بیان کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مہا کوٹمی دراصل مفاد پرستوں کا ایک ٹولہ ہے جس کا کوئی جھنڈا اور ایجنڈہ نہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ چندرا بابو نائیڈو نے مخالف تلنگانہ موقف ترک کرنے کیلئے کیا پولیٹ بیورو اجلاس میں قرارداد منظور کی ہے ؟ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے کیا اس بات کی ضمانت دی ہے کہ کھمم کے 7 منڈلوں کو دوبارہ تلنگانہ واپس کیا جائے گا ؟ پولاورم پراجکٹ کی ری ڈیزائیننگ کے سلسلہ میں کیا کوئی تیقن دیا گیا ؟ چندرا بابو نائیڈو انتخابی مفاہمت کے بعد پالمور رنگا ریڈی پراجکٹ کی مخالفت ترک کردیں گے ؟ اس پراجکٹ کے خلاف آندھراپردیش حکومت نے مرکز کو 30 مکتوب روانہ کئے ہیں۔ کالیشورم اور سیتارام پراجکٹس کے خلاف مرکز کو روانہ کردہ مکتوب سے کیا دستبرداری اختیار کرلی جائے گی؟ کرشنا اور گوداوری ندیوں میں تلنگانہ کی حصہ داری پر نائیڈو کیا اپنی مخالفت ترک کردیں گے ؟ ہریش راؤ نے پروفیسر کودنڈا رام پر بھی سخت تنقید کی اور کہا کہ تلنگانہ کے غداروں کے ساتھ مفاہمت کرنا افسوسناک ہے۔ تلنگانہ تحریک سے وابستہ رہنے والی شخصیت کی تلنگانہ کی ترقی سے سنجیدگی کا اظہار ہوتا ہے ۔