مجوزہ اے پی انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس کو سبقت کا سروے میں انکشاف: ایس راما کرشنا ریڈی
حیدرآباد /28 جنوری ( سیاست نیوز ) وائی ایس ار کانگریس پارٹی نے چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو پر الزام عائد کیا کہ وہ دن میں کانگریس پارٹی کے ساتھ اور رات میں بی جے پی کے ساتھ اپنے کاروبار چلا رہے ہیں ۔ جنرل سکریٹری وائی ایس آر کانگریس پارٹی ایس راما کرشنا ریڈی نے یہ بات کہی اور بتایا کہ تمام سروے رپورٹس وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے مواقف میں ہی پائے جاتے ہیں اور آئندہ دنوں کے دوران ریاست آندھراپردیش میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو 130 نشستیں حاصل ہونا یقینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین و کارکن متحدہ طور پر محنت کرنے پر انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی بھاری اکثریت سے کامیابی یقینی ہوگی اور اس طرح انتخابات کے بعد اقتدار وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو ہی حاصل ہوگا ۔ جنرل سکریٹری وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے مزید کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے اپنے سیاسی مفادات و ضروریات کیلئے سوائے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے دیگر تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ اندرونی طور پر انتخابی مفاہمت کرچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت پولاورم پراجکٹ کے کاموں میں پائی جانے والی بے قاعدگیوں کی تحقیقات کروائے تو حقائق کا انکشاف ہوگا ۔