آندھراپردیش کے مسلمانوں کو ہرممکن سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان
حیدرآباد۔/29جون، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو اور وزیر اقلیتی بہبود آندھرا پردیش پلے رگھوناتھ ریڈی نے رمضان المبارک کے آغاز پر مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے اپنے پیام میں کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ کے آغاز پر وہ مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ مہینہ عبادتوں کا مہینہ ہے اور ان کی حکومت اس ماہ کے دوران آندھرا پردیش کے تمام علاقوں میں مسلمانوں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم حکومت اقلیتوں کی بھلائی اور ترقی سے متعلق تمام اسکیمات پر عمل آوری کی پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی ترقی کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی اور اسکیمات پر موثر انداز میں عمل کیا جائے گا۔ وزیر اقلیتی بہبود ڈاکٹر پلے رگھوناتھ ریڈی نے رمضان المبارک کے آغاز پر مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کے تمام سرکاری ملازمین اس ماہِ مقدس کے دوران شام 4بجے دفتر سے گھر واپس ہوسکتے ہیں۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی حکومت نے سرکاری ملازمین کو ایک گھنٹہ کی رعایت دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ماہِ مقدس کے دوران مساجد اور عیدگاہوں میں مناسب انتظامات کے سلسلہ میں تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایات جاری کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف سکریٹری کے ذریعہ تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صحت و صفائی کے علاوہ برقی اور پانی کی موثر سربراہی کو یقینی بنائیں۔