چندرابابو کو تلنگانہ میں دورہ کرنے کا حق نہیں

تلگو دیشم کا مستقبل تاریک ، ٹی ہریش راؤ کی کھری کھری
حیدرآباد ۔ 22 ؍ فبروری ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابونائیڈو کو تلنگانہ میں دورے کرنے کا اخلاقی حق حاصل نہیں ہے ۔ ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ نے آج ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں تلگودیشم پارٹی کا کوئی مستقبل نہیں ہے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات میں تلگودیشم پارٹی کو تلنگانہ عوام پوری طرح مسترد کرتے ہوئے ٹی آر ایس کو کامیاب بنائیں گے ۔ مسٹر ہریش راؤ نے کہا کہ مسٹر نائیڈو کو تلنگانہ میں بہتر مستقبل کی رپورٹس دیتے ہوئے گمراہ کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے تلگودیشم قائدین پر الزام عائد کیا کہ وہ چیف منسٹر آندھراپردیش کو گمراہ کرتے ہوئے ان پر دباو ڈال رہے ہیں کہ وہ تلنگانہ میں پارٹی کے بہتر مستقبل کے لئے دورے جاری رکھیں ۔ جبکہ تلنگانہ ٹی ڈی پی قائدین چیف منسٹر آندھراپردیش پر برقی میں تلنگانہ کے حصہ کو جاری کرنے کے لئے دباو ڈالنے میں ناکام ہوچکے ہیں ۔ مسٹر ہریش راو نے بتایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندراشیکھرراو نے آندھراپردیش کے کسانوں کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ سے سات ہزار کیوزک پانی چھوڑنے پر رضامندی ظاہر کی اور پانی چھوڑتے ہوئے کسانوں کو راحت پہنچائی گئی جبکہ چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابونائیڈو تلنگانہ کو برقی کی فراہمی سے انکار کر رہے ہیں ۔ انہوں نے مسٹر چندرابابونائیڈو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تین پاور پراجکٹس میں تلنگانہ کے حصہ کی اجرائی سے انکار کے سبب تلنگانہ کو برقی بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مسٹر ہریش راو نے بتایاکہ ریاست تلنگانہ برقی پیداوار میں اپنے حصہ کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی ۔