چندرشیکھر راؤ کی سیاسی شناخت تلگودیشم کی مرہون منت : ایل رمنا
حیدرآباد 9 سپٹمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے حلقہ لوک سبھا میدک کے منعقد ہونے والے مجوزہ ضمنی انتخاب میں صرف اور صرف اپنی بقاء کے لئے وزیر آبپاشی ریاست تلنگانہ مسٹر ٹی ہریش راؤ کی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر مسٹر این چندرابابو نائیڈو پر کی جانے والی تنقیدوں پر سخت اعتراض کیا اور کہاکہ سابق متحدہ ریاست آندھراپردیش میں تلگودیشم حکومت میں روبہ عمل لائے گئے ترقیاتی پروگراموں و پالیسیوں کے حقائق کو مسٹر ٹی ہریش راؤ اور ٹی آر ایس قائدین ہضم نہیں کرپارہے ہیں۔ آج یہاں این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی مسٹر ایل رمنا نے یہ بات کہی اور بتایا کہ گزشتہ انتخابات میں تلنگانہ عوام نے مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو اقتدار سونپا اور اقتدار کے 100 دن کے سی آر نے مکمل کئے لیکن ان 100 دنوں کے دوران عوام کو دیئے گئے تیقنات اور کئے ہوئے کسی ایک وعدے کو پورا کرنے میں وہ (کے سی آر) بالکلیہ طور پر ناکام ثابت ہوئے۔ ٹی آر ایس اور اس کے قائدین اپنی ان ناکامیوں کی پردہ پوشی کرنے کیلئے ہی اپنی انتخابی مہم میں ہریش راؤ، دیگر قائدین ٹی آر ایس تلگودیشم پارٹی کے تعلق سے گمراہ کن پروپگنڈہ کرنے میں مصروف ہیں تاکہ پھر ایک بار تلنگانہ عوام کو دھوکہ دے سکیں۔ مسٹر ایل رمنا نے ٹی آر ایس پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ حقیقت تو یہ ہے کہ کے سی آر کی عوام میں تلگودیشم پارٹی نے ہی ایک خصوصی شناخت بناتے ہوئے سیاسی بھیک دی تھی اور تلگودیشم کے سایہ میں اُنھوں نے (چندرشیکھر راؤ نے) اپنی سیاسی زندگی شروع کی تھی۔