چندرابابو نوٹ برائے ووٹ اسکام کے اصل ملزم

صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کوجگن موہن ریڈی کی یادداشت
حیدرآباد 9 جون (پی ٹی آئی) آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور وائی ایس آر کانگریس کے صدر جگن موہن ریڈی نے آج صدرجمہوریہ سے نوٹ برائے ووٹ اسکام کے ضمن میں مداخلت کی درخواست کی اور کہاکہ اس اسکام میں چندرابابو نائیڈو کا نام بھی مبینہ طور پر شامل ہے۔ جگن موہن ریڈی نے اپنی ریاست میں تلگودیشم پارٹی کے زیرقیادت حکومت کے خلاف رشوت ستانی کے کم سے کم 10 الزامات کی فہرست پیش کی اور چندرابابو نائیڈو سے استعفے کا مطالبہ کیا۔ صدرجمہوریہ کو پیش کردہ ایک یادداشت میں وائی ایس جگن موہن ریڈی نے کہاکہ محکمہ انسداد رشوت ستانی اور متعلقہ حکام کو چاہئے کہ وہ نوٹ برائے ووٹ کیس میں چندرابابو کا نام کلیدی ملزم کی حیثیت سے شامل کریں اور کسی بھی گوشہ کے دباؤ میں آئے بغیر تحقیقات جاری رکھی جائیں۔ صدر پرنب مکرجی کو پیش کردہ اپنی یادداشت میں جگن موہن ریڈی نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ بعض عناصر اِس مسئلہ کی پردہ پوشی کی کوشش کریں گے اور خاموشی کے ساتھ یہ مسئلہ رفع دفع کردیا جائے گا اور اِن اندیشوں کے ساتھ ہم آپ سے انصاف کے لئے رجوع ہورہے ہیں‘‘۔ جگن موہن ریڈی نے مزید کہاکہ ’’اُنھیں (چندرابابو نائیڈو) کو مستعفی ہوجانا چاہئے اگر وہ استعفیٰ نہیں دیتے تو ہم اُنھیں استعفیٰ پر مجبور کریں گے ‘‘۔