حیدرآباد 28 فروری (آئی این این) چندرابابو نائیڈو کی سنگاپور، ملائیشیا اور دیگر ممالک میں رکھی گئی بے تحاشہ دولت کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس نے آج کہاکہ تلگودیشم لیڈر اپنی سیاسی قسمت کو لگنے والے گہن سے مایوس ہوچکے ہیں۔ اِس لئے وہ بے ڈھنگے بیانات جاری کررہے ہیں۔ چندرابابو نائیڈو نے پھر ایک بار سیما آندھرا کو سنگاپور بنانے کا اعلان کیا ہے اور کبھی وہ ملائیشیا یا دوبئی جیسے ملکوں کا تقابل کرتے ہوئے ریاست کو ترقی دینے کی بات کرتے ہیں۔ جبکہ اِن کے کئی تجارتی معاملات اِن ملکوں کے تاجرین سے استوار ہیں۔ ہم اِن کے اثاثہ جات کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ صدر تلگودیشم کے ساتھ ملائیشیا کے وزیراعظم اور سابق وزیراعظم ڈاکٹر مہاتر محمد اور اِن کے افراد خاندان کے قریبی تعلقات ہیں۔ دونوں ملکوں میں چندرابابو نائیڈو اِن کے تجارتی مفادات کا تحفظ کرتے ہیں۔