چندرابابو نائیڈو کو دورۂ اسرائیل کی دعوت

حیدرآباد 9 ڈسمبر (پی ٹی آئی) اسرائیل نے آج کہا ہے کہ وہ زرعی اور آبی مینجمنٹ شعبوں میں حکومت آندھراپردیش کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔ اسرائیل کے سفیر متعینہ ہند ڈینیل کرمون نے آج چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو سے ملاقات کے دوران یہ بات کہی۔ اُنھوں نے کہاکہ اسرائیل پانی کی قلت سے دوچار علاقہ ہے لیکن یہاں ہم نے پانی کا مؤثر تحفظ کرتے ہوئے مینجمنٹ سسٹم کو فروغ دیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اسرائیلی ٹیکنالوجی ویسٹ مینجمنٹ، ری سائیکلنگ اور پانی کو دوبارہ استعمال کے قابل بنانے میں معاون و مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ آندھراپردیش، اسرائیل کی مہارت اور ٹیکنالوجی سے استفادہ میں دلچسپی رکھتا ہے۔ کرمون نے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو کو دورۂ اسرائیل کی دعوت دی۔