چندرابابونائیڈو نے این ٹی راما راو سے دغا بازی کرکے مہاناڈو میں تصویر لگائی:روجا

حیدرآباد28مئی(سیاست ڈاٹ کام ) وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی رکن اسمبلی روجا نے اے پی کی حکمران جماعت تلگودیشم کے سالانہ پروگرام مہاناڈو پر شدید نکتہ چینی کی۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وزیراعلی این چندرابابونائیڈو نے بانی تلگودیشم پارٹی و حقیقی لیڈر این ٹی راما راو سے دغا بازی کرتے ہوئے مہاناڈو میں ان کی تصویر لگائی ہے ۔ این ٹی راما راو کی تصویر لگانے کے چندرابابو اہل نہیں ہیں۔ انہوں نے یاددلایا کہ چندرابابونائیڈو نے این ٹی راما راو کو دھوکہ دیتے ہوئے اقتدار سے ان کو بے دخل کیا اور خود اقتدار پر قابض ہوگئے ۔انہوں نے کہاکہ مہاناڈو کے اہتمام کے ذریعہ این ٹی راما راو کی روح کو تکلیف پہنچائی جارہی ہے ۔مہاناڈو میں این ٹی راما راو کی تصویر کو رکھتے ہوئے ان کی تصویر کو چھونے کا کوئی اخلاقی حق چندرابابونائیڈو کو نہیں ہے ۔این ٹی راما راو نے کئی تمناوں اور خواہشات کے ساتھ تلگودیشم پارٹی قائم کی تھی ۔چندرابابو نائیڈو نے ان کی خواہشات اور ان کے خوابوں کو بکھیر دیا ہے ۔انہوں نے کاپو طبقہ کو ریزرویشن کے مسئلہ پر ناٹک کرنے کا بھی وزیراعلی پر الزام لگایا ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال مہاناڈو میں جن وعدوں کا اعلان کیا گیا تھا ، ان وعدوں میں سے ایک بھی وعدہ کو پورا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے بدعنوان وزرائے اعلی کی فہرست میں چندرابابونائیڈو سرفہرست ہیں۔