چندرائن گٹہ حملہ کیس ۔ گواہ پر جرح

حیدرآباد ۔ 29 جولائی (سیاست نیوز) چندرائن گٹہ رکن اسمبلی اکبرالدین اویسی حملہ کیس کی روزانہ کی اساس پر سماعت جاری ہے اور آج عینی شاہد پر وکیل دفع نے جرح کی۔ حملہ کیس کے عینی شاہد محمد شریف پر ایڈوکیٹ گرو مورتی نے جرح کی جس کے دوران گواہ نے بتایا کہ حملہ کے دن وہ وہاں سے درگاہ جارہا تھا کہ رکن اسمبلی گاڑیاں دیکھ کر اس نے ان سے ملاقات کی اور کچھ ہی دیر بعد ان پر بعض افراد نے حملہ کردیا۔ گواہ نے جرح میں یہ انکشاف کیا کہ ابراہیم بن یونس یافعی گولی لگنے سے زخمی ہوگئے تھے لیکن اسے یہ پتہ نہیں کہ وہ کس کی گولی سے زخمی ہوئے تھے۔ جرح ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہی جس میں حملہ سے متعلق مختلف پہلوؤں پر جرح کیا گیا اور ساتویں ایڈیشنل میٹرو پولیٹن سیشن جج نے اس کیس کی سماعت کو یکم ؍ اگست تک ملتوی کردیا۔ اس گواہ پر مزید دو وکیل دفع ایڈوکیٹ راج وردھن ریڈی اور ایڈوکیٹ اچھوتا ریڈی جرح کریں گے۔ سماعت کیلئے محمد بن عمر یافعی اور دیگر افراد خاندان کو سخت سیکوریٹی کے درمیان چرلا پلی جیل سے نامپلی کریمنل کورٹ لایا گیا تھا۔