جموں و کشمیر میں مکمل غیرجانبداری برتنے الیکشن کمیشن کی ہدایت
سرینگر ۔ 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے آج حکومت جموں و کشمیر کے عہدیداروں سے یقینی بنانے کیلئے کہا کہ آنے والے لوک سبھا اور ریاستی اسمبلی کے چناؤ پوری طرح غیرجانبداری کے ساتھ منعقد ہوں اور جمہوریت کے اصولوں کے مطابق تمام طبقات کو شامل کرنے والے ہوں۔ سی ای سی اروڑہ دو روزہ دورہ جموں و کشمیر پر ہیں اور ان کے ساتھ الیکشن کمیشن کی ٹیم بھی ہے جو ریاست کی انتخابی تیاری کا جائزہ لے رہے ہے۔ سی ای سی نے ریاستی حکومت کے سیول اور پولیس عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطح کی میٹنگ کے بعد یہ ہدایت دی۔ کمیشن کی ٹیم کے ساتھ ملاقات کرنے والے عہدیداروں نے کشمیر ڈیویژنل کمشنر بصیراحمد خان، اے ڈی جی پی (لا اینڈ آرڈر) منیر احمدخان، کشمیر آئی جی پی ایس پی پانی کے علاوہ کشمیر اور لداخ ڈیویژنوں کے ڈپٹی کمشنران اور ضلع پولیس سربراہان شامل ہیں۔ سی ای سی نے کہا کہ انتخابات عنقریب منعقد ہونے والے ہیں تاکہ جمہوریت کے اصولوں کو سربلند رکھا جاسکے۔ کمیشن کی خواہش ہیکہ ان انتخابات میں ہر طبقہ حصہ لے اور عوام کیلئے مکمل غیرجانبداری سے کام لیا جائے۔