بارش سے متاثرہ میچ میں تمام ہندوستانی بلے بازوں کی بہترین بیٹنگ ۔ پاکستان 164 پر ڈھیر
ایجبسٹن 4 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) چمپئنس ٹرافی کے بارش سے متاثرہ ایک میچ میں آج ہندوستان نے اپنی روایتی حریف پاکستان کے خلاف 124 رنوں سے شاندار کامیابی حاصل کرلی ۔ مڈل آرڈر میں تیز رفتار نصف سنچری اسکور کرنے پر یوراج سنگھ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل ہوا ۔ اس میچ میں ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48 اوورس میں تین وکٹس کے نقصان سے 319 رنز اسکور کئے تھے ۔ ہندوستان کیلئے اوپنرس روہت شرما اور شکھر دھون نے ابتداء میں نصف سنچریاں بنائیں جبکہ درمیان میں کپتان ویراٹ کوہلی اور آخری لمحات میں یوراج سنگھ نے بھی نصف سنچریاں اسکور کیں۔ روہت شرما 119 گیندوں میں دو چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 91 رن بناکر رن آوٹ ہوئے ۔ شکھر دھون نے 65 گیندوں میں ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 68 رن بناکر شاداب خان کی گیند پر اظہر علی کو کیچ دے بیٹھے ۔ کپتان ویراٹ کوہلی 68 گیندوں میں تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 81 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ یوراج سنگھ نے 32 گیندوں میں ایک چھکے اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 53 رن بنائے تھے ۔ وہ حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔ ہاردک پانڈیا 8 گیندوں میں تین چھکوں کی مدد سے 20 رن بناکرناٹ آوٹ رہے ۔ پاکستان کی جانب سے صرف حسن علی اور شاداب خان کو ایک ایک وکٹ ہی مل سکی ۔ جواب میں حالانکہ پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور احمد شہزاد نے اچھی شروعات کی اور پہلی وکٹ کی رفاقت میں 47 رن جوڑے تھے تاہم بعد میں اس کے بلے بعد جلدی جلدی آوٹ ہو کر پویلین لوٹتے گئے ۔
اظہر علی نے سب سے زیادہ 50 رن چھ چوکوں کی مدد سے بنائے ۔ احمد شہزاد 12 رن بناکر اور بابر اعظم 8 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ محمد حفیظ نے دو چوکوں کی مدد سے 33 رن جوڑے جبکہ شعیب ملک نے ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 15 رن بنائے ۔ کپتان سرفراز احمد نے دو چوکوں کی مدد سے 15 رن بنائے ۔ عماد وسیم صفر پر آوٹ ہوئے جبکہ شاداب خان 14 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ محمد عامر نو رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ حسن علی صفر پر آوٹ ہوئے جبکہ وہاب ریاض زخمی ہونے کی وجہ سے بیٹنگ نہیں کرسکے ۔ اس طرح پاکستانی ٹیم 33.4 اوورس میں محض 164 رن بناسکی اور اسے 124 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ پاکستان کیلئے بارش کی وجہ سے ڈک ورتھ لیوس سسٹم کے تحت 41 اوورس میں 289 رنوں کا نشانہ مقرر کیا گیا تھا ۔ یوراج سنگھ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ ہندوستان کی جانب سے اومیش یادو نے تین وکٹ لئے ۔ ہاردک پانڈیا اور رویندر جڈیجہ کو دو دو وکٹس حاصل ہوئے ۔ بھونیشور کمار کو ایک وکٹ مل سکی ۔ تمام ہندوستانی بولرس پاکستانی بلے بازوں پر چھائے رہے اور انہیں رنز اسکور کرنے سے روکے رکھا ۔