سنٹیاگی۔27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وسطی اور شمالی چلی میں شدید بارش اور سیلاب سے عام زندگی درہم برہم ہوگئی ہے جبکہ حکام کے مطابق اس میں تین افراد ہلاک ہوئے ہیں اور متعدد لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ اس دوران اس جنوبی امریکی ملک کے ایمرجنسی عہدیداروں نے بتایا کہ اینڈس سے پانی کا بہائو اتنا تیز تھا جس سے زمین کھسکنے کے واقعات بھی رونما ہوئے جس سے متعدد سڑکوں میں شگاف پڑگئے جس کی وجہ سے جو جہاں تھا وہیں پھنس گیا۔ زمین کھسکنے اور ملبہ کے ڈھیروں سے شہر میں آبی سربراہی کا نظام بھی متاثر ہوا جس کی وجہ سے سنٹیاگو اور اطراف و اکناف کے 1.2 ملین مکانات میں آبی سربراہی متاثر ہوئی۔ نیشنل ایمرجنسی آفس ڈائرکٹر ریکاڈرو ٹورو نے بتایا کہ سیلاب کے تیز بہائو میں ایک کار کے بہہ جانے سے ایک نوجوان ہلاک ہوا جبکہ ایک دریا کے قریب سے دو نعشیں دستیاب ہوئی ہیں۔